انقلاب کے بغیر ہمارے پاس کوئی حل نہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ

آئندہ جب ہم جائیں گے تو اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ ہمیں مارے گا تو وہ بھی مرنے کے لیے تیار رہے، اب اگر کوئی گولی برسائے گا تو اس پر بھی گولی برسائی جائے گی۔ علی امین گنڈاپور کا بیان

پشاور ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ میں اب انقلاب کا اعلان کرتا ہوں کیوں کہ ہمارے پاس انقلاب کے علاوہ کوئی اور حل نہیں، اب کوئی گولی چلائے گا تو گولی کھائے گا، یہ پاکستان ہمارا ہے، یہ پنجاب بھی ہمارا ہے، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان بھی ہمارا ہے، میں پورے پاکستان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور سلام پیش کرتا ہوں کہ آپ اپنی آزادی کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں، خاص طور پر خیبر پختونخوا اور پنڈی ڈویژن کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسا وقت آ چکا ہے کہ ہماری عزتوں کو پامال کیا گیا، چادر اور چار دیواری کو پامال کیا گیا، ہم نے ظرف دکھاتے ہوئے اس قوم، ملک اور پاکستان کے لیے اُف تک نہیں کیا، گزشتہ روز ہم پر شیلنگ کی گئی اور گولیاں برسائی گئیں، پنجاب پولیس کے اہلکار پھنس گئے تھے لیکن ہم نے انہیں چھوڑ دیا، کئی پولیس والے ظلم کرنے کے باوجود ہمارے ہتھے چڑھے لیکن میں نے انہیں ریسکیو کیا کیوں کہ ہمیں ان کے بچوں اور خاندان والوں کا خیال تھا، پنجاب پولیس کے نوجوانوں تم اگر اپنے باپ کی اولاد ہو تو بتانا کہ تم پھنس گئے تھے اور ہم نے تمہیں چھوڑ دیا، اس ظلم کے باوجود جو تم کرتے رہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ اب وہ وقت آ چکا ہے کہ یہ ہم پر گولیاں برسا رہے ہیں، ہمارے 2 کارکنان کو گولیاں ماری گئیں، تیسرے کارکن کو گولی لگی، اس کا پتا نہیں چل رہا کہاں ہے؟ براہ راست آنسو گیس کے شیل مار کر 50 سے زائد کارکنوں کو زخمی کیا گیا، پنجاب کی حدود شروع ہوتے ہی ہر 3 کلومیٹر کے بعد ہم پر شیل برسائے گئے، گولیاں برساتے رہے، گرنینڈ پھینکتے رہے لیکن سن لو کہ اگر کوئی گولی برسائے گا تو اس پر بھی گولی برسائی جائے گی، تم ایک گولی چلاؤ گے تو ہم 10 چلائیں گے، تم ایک آنسو گیس مارو گے تو ہم 10 ماریں گے، تم ایک لاٹھی مارو گے تو ہم 10 ماریں گے۔
علی امین گنڈاپور کہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے لوگوں سن لو، تمام قبائل کے لوگ ہماری پارٹی میں ہیں، تمام قبائل میں جرگے کرو اور یہ فیصلہ کرو کہ اگر آج کوئی اور نشانے پر ہے تو کل تم بھی ہو سکتے ہو، سب اکٹھے ہو کر متحد ہو جاؤ، آئندہ جب ہم جائیں گے تو اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ ہمیں مارے گا تو وہ مرنے کے لیے تیار رہے، انقلاب کے بغیر ہمارے پاس کوئی حل نہیں، یہ دھمکی نہیں بلکہ اصلاح کی آخری وارننگ ہے، میں اعلان کر رہا ہوں کہ پاکستان کے ادارے اگر اپنی قوم کی آواز نہیں سن سکتے، ان کی رائے کی عزت نہیں کرسکتے تو سائیڈ پر ہوجائیں، تمام اداروں کو پیغام ہے کہ عوام کو فیصلے عوام میں کرنے دیں، سیاسی فیصلے سیاسی بندوں کو کرنے دیں، بیچ میں نہ آئیں۔