اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایم ڈی کیٹ کے نتائج جاری کرنے کی اجازت دے دی

ایم ڈی کیٹ کے نتائج عدالت کے حتمی آرڈر سے مشروط ہوگا‘جسٹس ارباب طاہر کے ریمارکس

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کو میڈیکل ایڈمشن ٹیسٹ(ایم ڈی کیٹ) کے نتائج جاری کرنے کی اجازت دے دی جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دئیے کہ ایم ڈی کیٹ کے نتائج عدالت کے حتمی آرڈر سے مشروط ہوگا.
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب طاہر نے آﺅٹ آف سلیبس سوالات آنے پر ایم ڈی کیٹ کا میڈیکل ایڈمشن ٹیسٹ دوبارہ لینے کے لیے عمار نعیم، شاہ زیب وزیر اور صبا ایمان سمیت 6اسٹوڈنٹس کی جانب سے دائر پٹیشن پر سماعت کی رجسٹرار پی ایم ڈی سی اور رجسٹرار یونیورسٹی سمیت دیگر حکام پیش ہوئے جنہوں نے بتایا کہ پی ایم ڈی سی نے وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل کالج پروفیسرعمر کی سربراہی میں کمیٹی بنادی 6 سوالات ایسے ہیں جن کا لیول ہائی تھا اور گریس مارکس دیے گئے ایک خفیہ رپورٹ کے مطابق کچھ باہر کے لوگ معاملات خراب کرنا چاہتے ہیں، اسلام آباد میں 22ہزار500طلبہ نے امتحان دیا جن میں سے 200طلبہ کی شکایت ہے.

عدالت نے کہا کہ کسی اور صوبے میں ایسا کچھ نہیں ہوا صرف یہاں ایسا کیوں ہوا؟ جس پر طلبہ کے وکیل نے کہا کہ حکام سوالنامہ اور جوابات کی شیٹ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کردیتے تو یہاں نہیں آتے یونیورسٹی وکیل نے بتایا کہ ڈیڑھ بجے ٹیسٹ ختم ہوا اور ساڑھے 6 بجے اپ لوڈ کردیا گیا تھا گزشتہ سال بھی ایسا ہی ہوا تھا. عدالت نے کہا کہ ہرسال ایسا ہوتا ہے تو ایسا میکنزم کیوں نہیں بناتے کہ ہر سال ایسا نہ ہو اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کو ایم ڈی کیٹ کے نتائج جاری کرنے کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کے نتائج عدالت کے حتمی آرڈر سے مشروط ہوگا.
عدالت نے پی ایم ڈی سی کمیٹی کا نوٹیفکیشن طلب کرتے ہوئے 2طلبہ نمائندوں کو شامل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ایک روز کیلئے ملتوی کردی ہے یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کو ایم ڈی کیٹ کے نتائج جاری کرنے سے روک دیا تھا.