سابق وزیراعظم نے اہلیہ کے ساتھ مل کر عہدے کا غلط استعمال کیا، جیولری نہایت کم قیمت پر بیچ کر 2 کروڑ 28 لاکھ روپے سے زائد کا غیرقانونی مالی فائدہ اٹھایا۔ ایف آئی کے چالان کا متن
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس میں چالان جمع کروادیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں سپیشل جج سنٹرل کی عدالت میں توشہ خانہ ٹو کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف ایف آئی اے نے توشہ ٹو سپلیمنٹری چالان عدالت میں جمع کروادیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ایف آئی اے نے کہا ہے کہ عمران خان نے بشریٰ بی بی کے ساتھ مل کر اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہوئے بلغاری جیولری نہایت کم قیمت پر بیچ کر 2 کروڑ 28 لاکھ روپے سے زائد کا غیرقانونی مالی فائدہ اٹھایا، 24 گواہوں کی لسٹ بھی ایف آئی اے کے سپلیمنٹری چالان کے ساتھ منسلک ہے، عدالت گواہوں کو طلب کرکے ٹرائل آگے بڑھائے۔
دوسری طرف 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی اور احکامات جاری کرتے ہوئے ٹرائل کورٹ کو 190 ملین پاؤنڈز کیس کا حتمی فیصلہ سنانے سے روک دیا، عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی۔
بتایا جارہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی نے 190ملین پاﺅنڈ کیس کرپشن میں بریت کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جہاں بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری نے درخواست دائر کی جس میں احتساب عدالت کا 9 ستمبر کا فیصلہ چیلنج کیا گیا ہے، عمران خان اور بشریٰ بی بی کی جانب سے کیس کا ٹرائل روکنے کی استدعا کرتے ہوئے حکم امتناع کی متفرق درخواست بھی دائر کی گئی۔