رول آف لاء کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، ملک پر اس سے بڑا ظلم نہیں ہوسکتا، نئی ترامیم سے ملک کا مستقبل تباہ ہو جائے گا، عوام کو اپنے حقوق و عدلیہ کو بچانے کیلئے کھڑا ہونا پڑے گا۔ جیل میں صحافیوں سے گفتگو
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کا کہنا ہے کہ رول آف لاء کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، اس سے بڑا ظلم ملک پر نہیں ہو سکتا، یہ ملک سے قانون کی حکمرانی ختم اور جمہوریت کا بیڑہ غرق کر رہے ہیں۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کا قیام اس لیے عمل میں لایا جا رہا ہے کیوں کہ یہ سُپریم کورٹ سے ڈرے ہوئے، نئی ترامیم سے ملک کا مستقبل تباہ ہو جائے گا، آئینی ترمیم کا مقصد صرف مجھے جیل میں رکھنا ہے، ان کو پتا ہے قاضی فائز عیسیٰ گیا تو انسانی حقوق کی پٹیشنز سُنی جائیں گی اسی ڈر سی یہ ملک تباہ کر رہے ہیں، عوام کو اپنے حقوق اور عدلیہ کو بچانے کے لیے کھڑا ہونا پڑے گا، میں ججز اور صحافیوں کے ساتھ کھڑا ہوں، لاہور میں پرامن جلسہ و تاریخی احتجاج کریں گے کیوں کہ یہ ہمارے مُلک کے مستقبل کا مسئلہ ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ حکمرانوں نے عدلیہ کا بیڑہ غرق کرنے کافیصلہ کیا ہے، الیکشن فراڈ چھپانے کیلئے یہ سب کچھ کیا جارہا ہے، یہ ڈرے ہوئے ہیں کہ اگر الیکشن کھل گیا تو سب کچھ ریورس ہو جائے گا، نیب ترامیم میں انہوں نے اپنے اربوں روپے معاف کروا کر خود کو تحفظ دیا، یہ سب کچھ ملکی مفاد کے خلاف ہو رہا ہے، ججز کو دھمکیاں، لوگوں کو اغوا کرنے، ایک سیاسی جماعت کو ختم کرنے سے سیاسی عدم استحکام بڑھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترامیم لانے والوں کے پیسے باہر پڑے ہوئے ہیں، حکومت میں بیٹھے لوگ عدلیہ کو آزاد نہیں دیکھنا چاہتے،اشرافیہ کا انٹرسٹ اور ملکی مفاد آپس میں متضاد ہیں،ان کا مفاد الیکشن فراڈ اور اپنا پیسہ بچانے میں ہے، اسی لیے رول آف لاء کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، اس سے بڑا ظلم ملک پر نہیں ہو سکتا، یہ ملک سے قانون کی حکمرانی ختم اور جمہوریت کا بیڑہ غرق کر رہے ہیں، 6 ماہ میں 4 ہزار پاکستانی کمپنیاں دبئی میں رجسٹرڈ ہوئیں لیکن ان کو فرق نہیں پڑنا ان کا پیسہ اور جائیداد باہر ہیں، محسن نقوی کی اہلیہ کی 500 ملین ڈالر کی پراپرٹی دبئی لیکس میں سامنے آئیں۔