وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے 7 گھنٹے بعد رابطے بحال، علی امین گنڈاپور پشاور پہنچ گئے

پشاور: ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخواعلی امین گنڈاپور سے 7 گھنٹے بعد رابطہ بحال ہوگیا، علی امین گنڈاپور صبح سویرے پشاور میں وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور رات دیر گئے اسلام آباد سے پشاور کے لئے روانہ ہوگئے تھے۔

فیصل امین گنڈاپور اور دیگر رہنماؤں نے ایکس پر علی امین گنڈاپور کے واپس پشاور پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔

علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین نے کہا ہے کہ ان کا اپنے بھائی کے ساتھ رابطہ ہوگیا ہے اور سات گھنٹے بعد ان کا موبائل آن ہو چکا ہے۔

اس سے قبل کئی گھنٹوں تک وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی گمشدگی معمہ بنی رہی، مختلف چہ مگوئیاں گردش کرتی رہیں، اپوزیشن رہنما عمر ایوب سمیت پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں کے بیانات بھی سامنے آئے۔

بیرسٹر سیف نے بھی ان کی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا تھا، لیکن صاحبزادہ حامد رضا نے ان کی گرفتاری کی تردید کی تھی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں علی امین گنڈاپور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں جلسے کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی اور ریاست مخالف تقریر کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔

مقدمے میں ضلعی انتظامیہ کے افسر کو حبس بے جا میں رکھنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔