بیرسٹر گوہر کو بھی گرفتار کر لیا گیا

چئیرمین پی ٹی آئی گرفتاری دینے کیلئے خود پارلیمنٹ سے باہر آ گئے، اسلام آباد پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے مزید رہنماوں کی گرفتاری کی تیاریاں

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) بیرسٹر گوہر کو بھی گرفتار کر لیا گیا، چئیرمین پی ٹی آئی گرفتاری دینے کیلئے خود پارلیمنٹ سے باہر آ گئے، اسلام آباد پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے مزید رہنماوں کی گرفتاری کی تیاریاں۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک اںصاف کے رہنماوں کی گرفتاری کا آغاز کر دیا۔ اسلام آباد پولیس نے تحریک اںصاف کے چئیرمین بیرسٹر گوہر کو پارلیمنٹ کے باہر سے حراست میں لے لیا۔
بیرسٹر گوہر اسلام آباد پولیس کی موجودگی کی اطلاع پر خود گرفتاری دینے کیلئے پارلیمنٹ سے باہر آئے۔ اس سے قبل ایم این اے شیر افضل مروت کو پارلیمنٹ ہاوس کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شیر افضل مروت کو پارلیمنٹ ہاوس کی عمارت سے باہر آنے پر اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا، اس دوران گارڈز اور پولیس اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
پولیس نے شیر افضل مروت کی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا۔ شیر افضل مروت کے بعد شعیب شاہین کو بھی گرفتار کر لیا گیا، دونوں رہنماوں کو گرفتاری کے بعد تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مزید پی ٹی آئی رہنماوں کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔ اسلام آباد پولیس نے ریڈ زون کو سیل کر دیا ہے۔ اسلام آباد جلسے میں معاہدے کی خلاف ورزی کے الزام پر عمر ایوب خان اور زرتاج گل کو بھی گرفتار کیے جانے کا امکان ہے۔
شیر افضل مروت کی گرفتاری کے بعد تحریک انصاف کے مزید رہنماؤں اور اراکین اسمبلی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہی رکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد پولیس نے تحریک انصاف کے 9 مرکزی رہنماوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے تحریک اںصاف کے گزشتہ روز کے جلسے میں شرائط کی خلاف ورزی کے الزام پر پی ٹی آئی رہنماوں کو 3 مختلف مقدمات میں نامزد کر کے گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔