اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا‘پیسکو حکام کے خلاف شدید نعرہ بازی
پشاور( نیوز ڈیسک ) خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا نجی ٹی وی کے مطابق مظاہرین نے یونیورسٹی روڈ، تہکال اور خیبر روڈ کو بند کردیا اور پیسکو حکام کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی لوڈشیڈنگ کے باعث پشاور کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں.
مظاہرین کا کہنا ہے کہ بجلی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے، سخت گرمی میں بجلی لوڈشیڈنگ کا عذاب جاری ہے، جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے احتجاج جاری رہے گا یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی فضل الٰہی نے مشتعل مظاہرین کے ہمراہ پشاور میں پیسکو گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بول دیا تھا. اس سے قبل بھی فضل الہیٰ کی جانب سے ہجوم کے ہمراہ پیسکو سب ڈویژن میں داخل ہو کر زبردستی بجلی بحال کرنے اور کار سرکار میں مداخلت پر پیسکو نے پشاور پولیس کو ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی.
واضح رہے کہ 11 جولائی کو احتجاجی مظاہرین نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سرائے نورنگ گرڈ اسٹیشن اور پیسکو دفتر پر دھاوا بول دیا تھا مشتعل احتجاجی مظاہرین نے دفتر اور گرڈ اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کی تھی جس سے کروڑوں کا نقصان ہوا تھا، بعد ازاں مقدمے میں 22 نامزد اور ساڑھے 500 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا تھا واضح رہے رواں سال 21 جون کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا تھا کہ صوبے میں بجلی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے نہ کیا گیا تو امن و امان کا مسئلہ ہوسکتا ہے.