گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں 2 نئی انٹریاں ہونے والی ہیں، ایک انٹری اُس یوٹرن پر ہوگی جس میں ووٹ کو عزت دو کا کہہ کر بُوٹ کو عزت دی گئی۔ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کا کہنا ہے کہ بات چیت کیلئے ہمیشہ تیار ہیں، کبھی انکار نہیں کیا لیکن بات اُن سے کریں گے جن کے پاس فیصلہ کرنے کی قابلیت ہے، میں اگر آکسفورڈ یونیورسٹی کا چانسلر بن گیا تو یہ پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہوگی لیکن اگر چانسلر نہ بن سکا تو بھی کوئی بات نہیں۔
راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسری پارٹی کو میچ کھیلنے ہی نہیں دیا گیا، نواز شریف کو جتانے کیلئے 74 ہزار ووٹ ڈلوائے گئے، دوسری پارٹی کو میچ کھیلنے ہی نہیں دیا گیا، پتن کی رپورٹ ہے یاسمین راشد سے جتانے کیلئے نواز شریف کو 74 ہزار ووٹ ڈلوائے گئے، گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں 2 نئی اینٹریاں ہونے والی ہیں، ایک انٹری اُس یوٹرن پر ہوگی جس میں ووٹ کو عزت دو کا کہہ کر بُوٹ کو عزت دی گئی، گینز بک میں دوسری انٹری اس پر ہوگی کہ نواز شریف چاروں امپائروں کو ساتھ ملا کر کھیلا پھر بھی ہارگیا۔
سابق وزیراعطم کا کہنا ہے کہ نواز شریف اڑھائی سال تک ووٹ کو عزت دو کا کہتے رہے، فوج اور مارشل لاؤں پر تنقید کرتے رہے، خواجہ آصف نے فوج کو جتنا بُرا بھلا کہا کسی نے نہیں کہا، احسن اقبال نے پہلی مرتبہ حمود الرحمان کمیشن رپورٹ کا بتایا، احسن اقبال نے فوج سے متعلق کہا تھا یہ ریاست کے اندر ریاست ہے، احسن اقبال یہ بھی کہتے رہے پاکستان میانمار بننے جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اغواء کرنے کا جس نے حکم دیا اور جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کی 9 مئی کی سازش اُسی نے کی ہے، 9 مئی ختم ہوا تو ان کی حکومت اور سیاست دونوں ختم ہوجائیں گے، جمہوریت کی باتیں کرنے والے بُوٹ کے آگے لیٹ گئے ہیں، 9 مئی کی تحقیقات کرنی ہیں تو اس کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، ہمارے 8 ستمبر کے جلسے کے تین مقاصد ہیں، ایک مقصد چوری کیا ہوا مینڈیٹ پی ٹی آئی کو واپس کیا جائے، دوسرا مقصد قبضہ گروپ سے ملک کو حقیقی آزادی دلانی ہے، تیسرا مقصد ملک میں آزاد عدلیہ ہے، قاضی فائز عیسیٰ کو لانے کیلئے عدلیہ پر حملہ کیا جارہا ہے۔