بھتہ دینے والوں کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا اور سی ٹی ڈی کے ذریعے جامع کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ صوبائی محکمہ داخلہ کا بیان
پشاور ( نیوز ڈیسک ) خیبرپختونخوا حکومت نے بھتہ خوروں کے ساتھ بھتہ دینے والوں کے خلاف بھی کریک ڈائون کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ صوبائی محکمہ داخلہ حکام کے مطابق بڑی تعداد میں کنٹریکٹرز، مائنز لیز ہولڈرز اور کاروباری شخصیات سے متعلق بھتہ دینے کی اطلاعات ملی ہیں، بھتہ دینے والوں کا ڈیٹا مرتب کیا جائے گا اور سی ٹی ڈی کے ذریعے جامع کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
بتایا گیا ہے کہ بھتہ خوروں کے سرحد پار سے آنے والی کالز اور پوائنٹ آف کنٹیکٹ کو بھی ٹریس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پوائنٹ آف کنٹیکٹ کو ٹریس کرنے کے لیے وفاقی سطح پر تیسری بار رابطہ کیا جائے گا کیوں کہ پنجاب میں سی ٹی ڈی کو کال ٹریس اور پوائنٹ آف کنٹیکٹ تک رسائی حاصل ہے لیکن وفاقی حکومت نے بھتہ خوری کی روک تھام کے لیے ابھی تک کوئی ٹاسک فورس تشکیل نہیں دی۔
علاوہ ازیں غیر ملکیوں کے تحفظ کیلئے خیبرپختونخواہ میں نئے ایس او پیز جاری کر دئیے، وفاقی وزارت داخلہ نے 31 صفحات پر مشتمل ایس او پیز جاری کیے جس میں صوبائی حکومت کو مختلف اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے، صوبے میں بدامنی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر اقدامات اٹھائے گئے ہیں، وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے نئے ایس او پیز میں کہا گیا ہے کہ غیرملکی سیاح، صحافی، کھلاڑی اور طلبہ کیلئے الگ الگ ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔
معلوم ہوا ہے کہ سی پیک منصوبوں میں کام کرنے والے غیر ملکیوں کیلئے ایس او پیز الگ ہوں گے جب کہ کاروبار اور مذہبی سرگرمی کیلئے آنے والے غیر ملکیوں کیلئے الگ انتظامات کرنا ہوں گے، غیر ملکیوں کی رہائش گاہ پر سکیورٹی بڑھائی جائے گی، غیر ملکیوں کے ہوٹل، ریسٹ ہاوس اور رہائش پر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں گے اور کسی بھی علاقے کے دورے سے قبل غیر ملکیوں کو بریفنگ دینا لازمی ہوگا، تمام غیر ملکیوں کا منظم طریقے سے ڈیٹا مرتب کرنا ضرور قرار دیا گیا ہے، کسی بھی ضلع میں جاتے ہوئے متعلقہ پولیس سربراہ سے این او سی بھی حاصل کرنا ہوگا۔