پرواز کیو آر 926 قطر سے فلپائن جا رہی تھی جس کا پاکستان کی فضائی حدود میں 39 ہزار فٹ کی بلندی پر طیارے کا ایک انجن بند ہو گیا اور طیارے میں شدید خرابی پیدا ہوگئی تھی
کراچی( نیوز ڈیسک ) کراچی کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرغیرملکی پرواز کی انجن بند ہونے پر ہنگامی لینڈنگ،قطر کے شہر دوحہ سے فلپائن کے شہر اینجلس سٹی کی پرواز نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی،ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق پرواز کیو آر 926 قطر سے فلپائن جا رہی تھی اس کاپاکستان کی فضائی حدود میں طیارے کا ایک انجن بند ہو گیا تھا۔
ڈریم لائنر طیارے کا انجن بند ہو گیا اور 39 ہزار فٹ کی بلندی پر قطر ایئر ویز کے طیارے میں شدید خرابی پیدا ہوئی۔طیارے کے پائلٹ نے مے ڈے کی کال دی اور کراچی میں فوری ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔ 787 ڈریم لائنر طیارہ کراچی جناح ایئرپورٹ پر باحفاظت لینڈ کرگیا۔سی اے اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار187 مسافروں کو لاﺅنچ میں منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق تمام مسافروں کا معائنہ بھی کیا گیا۔ طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہے اور تاحال مسافر روانگی کے منتظر ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی گزشتہ ماہ دبئی سے کولمبو جانے والی غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کو اچانک کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی۔اس حوالے سے حکام کا کہنا تھا کہ پرواز کے دوران غیرملکی ایئرلائن میں ایک خاتون مسافر کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس پر کپتان نے کراچی اے ٹی سی سے فوری کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔
تاہم دوران پرواز ہی مذکورہ خاتون مسافر خاتون انتقال کر گئیں مرحومہ کا تعلق سری لنکا سے بتایا گیا تھا۔ ہنگامی لینڈنگ کے فوری بعد سی اے اے ڈاکٹروں نے خاتون مسافر کو چیک کرکے ان کے مرنے کی تصدیق کردی تھی۔اس حوالے سے ذرائع سی اے اے کا کہنا تھا کہ 57 سالہ سری لنکن خاتون مسافر پالونی انتقال کرگئیں، خاتون مسافر کی موت حرکت قلب بند ہونے سے ہوئی تھی۔ ایئرپورٹ پر تعینات وفاقی ہیلتھ افسر نے خاتون مسافر کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیاتھا۔ بعد ازاں خاتون مسافر کی میت کو لے کر مذکورہ پرواز کراچی ایئرپورٹ سے کولمبو کی جانب روانہ کردی گئی تھی۔