ایم 2 موٹروے پر سفر کرنے والی مختلف گاڑیوں کیلئے فی کلومیٹر ٹول ٹیکس میں 3 روپے سے 19 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا، 360 کلومیٹر طویل موٹروے پر سفر کرنے کی صورت میں ہزاروں روپے کا ٹول ٹیکس ادا کرنا ہو گا
لاہور ( نیوز ڈیسک ) لاہور تا اسلام آباد موٹروے کے ٹول ٹیکس میں دوبارہ اضافہ کر دیا گیا، ایم 2 موٹروے پر سفر کرنے والی مختلف گاڑیوں کیلئے فی کلومیٹر ٹول ٹیکس میں 3 روپے سے 19 روپے تک کا اضافہ کر دیا گیا، 360 کلومیٹر طویل موٹروے پر سفر کرنے کی صورت میں ہزاروں روپے کا ٹول ٹیکس ادا کرنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں سب سے پہلے تعمیر ہونے والی موٹروے ایم 2 پر سفر کرنے والوں کو اب ٹول ٹیکس کی مد میں ہزاروں روپے ادا کرنا ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے لاہور تا اسلام آباد ایم 2 موٹروے پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کردیا ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کار، جیپ اور ٹیکسیوں کے لیے ٹول ٹیکس میں 3روپے 39پیسے فی کلو میٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔
ایم 2پر ویگن کے ٹول ٹیکس کو 5روپے 66پیسے فی کلومیٹر مقرر کیا گیا ہے۔لاہور تا اسلام آباد موٹروے پر بسوں کے ٹول ٹیکس کو7روپے 93 پیسے فی کلومیٹر مقرر کیا گیا ۔
اسی طرح ایم 2پر مختلف کیٹیگیری کے ٹرکوں کے ٹول ٹیکس کو 11سے 19روپے فی کلومیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ یوں لاہور سے اسلام آباد جانے والی کار کا ٹول 1100روپے سے بڑھ کر 1210روپے ہو گیا۔ لاہور اور اسلام آباد کے درمیان سفر کرنے والی وین کا ٹول 2030روپے مقرر کیا گیا ہے جبکہ کوسٹر کا ٹول 2240روپے سے بڑھ کر 2840روپے ہو گیا۔ بسوں کا ٹول اب 4060روپے، ٹرکوں کا 5280روپے اور ٹریلرز کا 6780روپے ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی حکام کے مطابق ٹول ٹیکس میں یہ اضافہ معاہدے کے معاہدے کے مطابق سالانہ 10فیصد اضافے کا حصہ ہے۔