حکومت جلسے کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی سازش کررہی ہے، عمران خان کی ہدایت پر ملتوی ہونے والاجلسہ اب 8 ستمبرکو ہوگا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی میڈیا سے گفتگو
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے آج ترنول میں شیڈول جلسہ ملتوی کردیا۔ پی ٹی آئی کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ حکومت اس جلسے کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی سازش کر رہی ہے، اس لیے پارٹی قائد عمران خان کی جیل سے جاری ہدایات کے تحت آج کے جلسے کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے، تاہم عمران خان کی جانب سے تمام کارکنان کو ہدایت کی گئی ہے کہ جلسے کی تیاری جاری رکھیں، عوام میں نکلیں اور تحریک چلائیں، جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، پی ٹی آئی رہنماء اعظم سواتی اور چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ہنگامی ملاقات کی جس میں آج کا جلسہ ملتوی کرنے کا فیصلہ ہوا، اس ملاقات کے بعد عمر ایوب، اعظم سواتی اور بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عمران خان کی ہدایت پراسلام آباد جلسے کی تاریخ تبدیل کی جا رہی ہے، جلسے کی نئی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا، جلسہ 8 یا 9 ستمبر کو اسلام آباد میں ہوسکتا ہے۔
قبل ازیں اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کا این اوسی منسوخ کردیا گیا تھا، ضلعی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ’مذہبی جماعتوں نےاحتجاج کی کال دے رکھی ہے، ایسی صورتحال میں جلسے کی اجازت نہیں دی جاسکتی‘، تاہم اسلام آباد میں ریڈ زون کو سیل کر دیا گیا ہے اور سرکاری و نجی اسکولوں میں آج تعطیل ہے، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے صورتحال کے تناظر میں اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا، بچوں کی حفاظت کے پیش نظر اسکول بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں جلسے کی کال کے معاملے پر پولیس نے فیض آباد کو کنٹینرزلگا کر مکمل طورپر سیل کر دیا تھا، راستوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹروبس سروس بھی معطل کردی گئی تھی، متبادل راستوں پرراولپنڈی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔