پیشگوئی کررہا ہوں حکومت کے پاس صرف 2 مہینے، میں کوئی ڈیل نہیں کروں گا: عمران خان

راولپنڈی: ( نیوز ڈیسک ) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ جتنے مقدمات بنانے ہیں بنا لیں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، ڈیل وہ کرتا ہے جس نے کوئی جرم کیا ہو۔ تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میں نے غیر مشروط معافی مانگی ہے، 9 مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں پی ٹی آئی والے سامنے لائے جائیں تو معافی مانگوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ 9 مئی پر صرف انصاف چاہتے ہیں، میں صرف اور صرف پاکستان کے لئے بات کرنے کا کہہ رہا ہوں، حکومت میں موجود ریلو کٹے فوج کو ورغلاتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو ختم کردیں، القادر ٹرسٹ کیس میں گواہ پیش کروں گا، شناخت نہیں بتا سکتا ورنہ ڈالہ پہنچ جائے گا۔

سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اگر موجودہ حکومت کی زیر نگرانی دوبارہ الیکشن ہوئے تو ہم نہیں مانیں گے، مجھ سے مذاکرات کیلئے کسی نے رابطہ نہیں کیا، جیل سے پیش گوئی کررہا ہوں کہ حکومت کے پاس صرف 2 مہینے کا وقت ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت دلدل میں پھنستی جارہی ہے، یہ بیوقوف ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہی، میرے پاس بہت وقت ہے، ان کے پاس وقت ختم ہو رہا ہے۔