لاہور: ( نیوز ڈیسک ) انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
دوران سماعت عدالت نے سپیشل پراسیکیوٹر کو دلائل کیلئے طلب کرلیا جبکہ پولیس کو مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کا بھی حکم دے دیا۔
بعدازاں انسداد دہشتگری عدالت نے عمران خان کی 9 مئی کے 4 مقدمات میں ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت 5 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی نے مسلم لیگ ن کا آفس جلانے، کلمہ چوک پر کنٹینر نذر آتش کرنے اور نیشنل پارک گلبرگ کے سامنے کنٹینر جلانے سمیت 4 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔