لاہور: ( نیوز ڈیسک ) پنجاب بھر کی جیلوں میں نادار قیدیوں کو مفت لیگل ایڈ (قانونی مدد) کی فراہمی شروع کر دی گئی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق صوبہ بھر کی تمام 43 جیلوں میں فری لیگل ایڈ (قانونی امداد) کمیٹیاں قائم کر دی گئی ہیں، فری لیگل ایڈ کمیٹیاں پنجاب بار کونسل اور ضلعی بار ایسوسی ایشنز کے اشتراک سے تشکیل دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نادار اسیران جو مقدمات کی پیروی کیلئے وکیل کا انتظام نہیں کر سکتے انہیں فری لیگل ایڈ ملے گی، مستحق اسیران اپنے متعلقہ سپرنٹنڈنٹ جیل کو درخواست دیں گے جنہیں وکلاء سے ملوایا جائے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں کل 447 وکلاء کو فری لیگل ایڈ کمیٹیوں میں شامل کیا گیا ہے، لاہور ڈویژن میں 45، گوجرانوالہ ڈویژن میں 90، راولپنڈی میں 70 وکلاء شامل ہیں۔
اسی طرح فیصل آباد ڈویژن میں 47، ملتان میں 45، سرگودھا میں 24 وکلاء کمیٹیوں میں شامل ہیں جبکہ بہاولپور ڈویژن سے 55، ساہیوال سے 55، ڈی جی خان سے 16 وکلاء کو فری لیگل ایڈ کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔