فیصل آباد، کپڑے کے گودام کی چھت گر گئی،ملبے تلے دب کر2خواتین جاں بحق 3 افراد زخمی

افسوسناک حادثہ ملت روڈ پر پرانے کپڑے کے گودام میں پیش آیا، پرانے کپڑے کے گودام کی چھت بارش کا پانی جمع ہونے سے گری جہاں خواتین گودام میں کام کر رہی تھیں،زخمیو ں و لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیاگیا

فیصل آباد( نیوز ڈیسک ) فیصل آباد میں کپڑے کے گودام کی چھت گر گئی،ملبے تلے دب کر 2خواتین جاں بحق اور 3افراد زخمی ہوگئے،افسوسناک حادثہ ملت روڈ پر پرانے کپڑے کے گودام میں پیش آیا،حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاروں اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ریسکیو اہلکاروں نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے ملبے تلے دبی ہوئی لاشوں و زخمیوں کوباہر نکال کر فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو اہلکاروں کا کہنا تھا کہ پرانے کپڑے کے گودام کی چھت بارش کا پانی جمع ہونے سے گری جبکہ خواتین گودام میں کام کر رہی تھیں ۔ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن مکمل کرلیاگیا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ عمارت کے گرنے کی اطلاع موصول ہونے پر ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اسی طرح کے ایک حادثے میں ملتان کے علاقے سبیل چوک کے قریب 3 منزلہ خستہ حال رہائشی عمارت گرگئی تھی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے تھے۔

مرنے والوں میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر کے مطابق ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا تھا۔ جب کہ ڈپٹی کمشنر ملتان نے اطراف کی عمارتوں کی فزیکل انسپکشن کیلئے ٹیکنیکل ٹیم بھی تشکیل دیدی گئی تھی۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو عملہ موقع پر پہنچا اور ملبے سے لاشوں اور زخمیوں کو باہر نکالاتھا۔ریسکیو ورکرز نے ملبے سے نکالے گئے زخمیوں کو نشترہسپتال منتقل کیا گیاتھا۔
جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور بچہ بھی شامل تھے۔رہائشی عمارت گرنے کے بعد پولیس بھی موقع پر پہنچی تھی۔ابتدائی طور پر عمارت گرنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں تھیں۔سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی تھی۔ نماز جنازہ میں سیاسی و سماجی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی تھی۔جاں بحق ہونے والوں کی تدفین مقامی قبرستان میں کر دی گئی تھی۔جاں بحق افراد میں دانش، امیر علی، وسیم، ضیعغم عباس، عبداللہ، صنوبر اور کومل جبکہ زخمیوں میں وقار اور مسرت نامی خاتون شامل تھیں۔