سابقہ وزیر صحت کو ہنگامی طور پر شوکت خانم ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا
لاہور ( نیوز ڈیسک ) کینسر کی مریضہ ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت انتہائی ناساز، سابقہ وزیر صحت کو ہنگامی طور پر شوکت خانم ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 9 مئی مقدمات میں ایک سال سے زائد عرصے سے گرفتار تحریک انصاف کی سینئر خاتون رہنما اور کینسر کی مریضہ ڈاکٹر یاسمین راشد کے حوالے سے تشویش ناک خبر سامنے آئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں قید ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت پیر کے روز انتہائی ناساز ہو گئی جس کے بعد انہیں ہنگامی طور پر شوکت خانم کینسر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل کے مطابق شوکت خانم ہسپتال میں ان کے کینسر سے متعلق ٹیسٹ کیے جائیں گے جس کے بعد ان کی صحت کی صورتحال واضح ہو سکے گی۔
وکیل کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ عدالت نے بار بار ڈاکٹر یاسمین راشد کا علاج کروانے کا حکم دیا، تاہم تاخیر سے علاج کروائے جانے سے ڈاکٹر یاسمین راشد کی حالت بگڑ گئی۔
یہاں واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کیخلاف 9 مئی کے کیسز کے حوالے سے پیر کے روز اہم پیش رفت بھی ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی اور اور یاسمین راشد سمیت دیگر ملزمان کے جیل میں اوپن کورٹ ٹرائل کی اجازت دے دی گئی۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمان کے اوپن کورٹ ٹرائل کی اجازت دی۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سماعت کے دوران جیل میں میڈیا نمائندگان، اہل خانہ کو آنے کی اجازت دے دی۔
شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد نے اوپن کورٹ ٹرائل کی درخواست دی تھی جسے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے منظور کرلیا۔شاہ محمود قریشی اور ڈاکٹر یاسمین راشد کے خلاف 9 مئی 2023 کے پرتشدد واقعات سے متعلق متعدد مقدمات زیر سماعت ہیں۔