ہجوم کی پرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر کا بیان
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) صوبہ بلوچستان کے علاقہ گوادر میں پر تشدد ہجوم نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید اور افسر سمیت 16 جوان زخمی ہوگئے۔ مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 29 جولائی 2024ء کو نام نہاد بلوچ راجی موچی کی آڑ میں ایک پرتشدد ہجوم نے ضلع گوادر میں سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور فورسز کے اہلکاروں پر حملہ کیا، نتیجتاً سپاہی شبیر بلوچ نے شہید ہوگیا، جس کی عمر 30 سال تھی اور یہ ضلع سبی کے رہائشی تھے، اس کے علاوہ پرتشدد مظاہرین کے بلا اشتعال حملوں کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 16 فوجی زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر قانونی پرتشدد مارچ کے لیے ہمدردی اور حمایت حاصل کرنے کے لیے پروپیگنڈا کرنے والوں کی جانب سے جعلی تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال کرتے ہوئے جعلی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، حالاں کہ سیکورٹی فورسز نے اشتعال انگیزی کے باوجود غیر ضروری شہری ہلاکتوں سے بچنے کے لیے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، تاہم ہجوم کی پرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ نے کہا کہ تمام شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، پرسکون و پرامن رہیں اور امن و امان کو برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔