جنوبی وزیرستان،امن چوک میں گاڑی کے قریب دھماکہ،2افراد جاں بحق 4 زخمی

موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد سے سابقہ امن کمیٹی کے رکن عین اللہ کی گاڑی کونشانہ بنایا گیا،جاں بحق ہونے والے دونوں افراد راہگیر تھے جبکہ گاڑی میں سوار 4 افراد بھی زخمی ہوئے

پشاور( نیوز ڈیسک ) جنوبی وزیرستان کے وانا بازار امن چوک میں گاڑی کے قریب دھماکے سے 2 افراد جاں بحق اور 4 ہوگئے،موٹر سائیکل میں نصب بارودی مواد سے سابقہ امن کمیٹی کے رکن عین اللہ کی گاڑی کونشانہ بنایا گیا،جاں بحق ہونے والے دونوں افراد راہگیر تھے جبکہ گاڑی میں سوار 4 افراد بھی زخمی ہوئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے ۔
ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں و زخمیوں کو فوری وطور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ بارودی مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا ۔پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی جنوبی وزیرستان میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ملک حبیب کے مطابق دھماکا جنوبی وزیرستان میں سراروغہ کے علاقے بنگے والا میں ہوا تھا۔

ڈی پی او کا کہنا تھاکہ دھماکا بارودی سرنگ پھٹنے سے ہوا جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس اختر آباد کے قریب بم دھماکہ ایک شخص جاں بحق دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔دھماکہ سڑک کنارے دیسی ساختہ بم کے پھٹنے سے ہواتھا۔پولیس کے مطابق کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر واقع علاقے اختر آباد کے قریب نامعلوم افراد نے سڑک کنارے دیسی ساختہ بم نصب کررکھا تھا۔
ریموٹ کنٹرول کے زریعے دھماکہ کیا گیا دھماکے کی زد میں دو گاڑیوں کو نقصان پہنچا موقع پر زخمی ہونے والے دو افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیاتھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ دوران علاج ایک زخمی شخص جس کی شناخت عدنان کے نام سے ہوئی جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرے زخمی کو مزید علاج کیلئے ہسپتال میں داخل کردیا گیاتھا۔ واقعے کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شواہد اکھٹے کرکے تفتیش شروع کر دی تھی۔