سابق پرنسپل سیکریٹری اعظم خان اور سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال طلبی کے باوجود کیس میں گواہی کیلئے پیش نہ ہوئے
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد، سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے اپنا بیان قلمبند کروا دیا، آج کی سماعت میں بنی گالا اسلام آباد کے پٹواری عباس گوارئیہ پر جرح بھی مکمل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کیس کی سماعت ہوئی جہاں احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ اس کیس کی سماعت کر رہے ہیں، آج کی سماعت کے دوران بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا، ملزمان کی جانب سے ان کے وکلاء عثمان ریاض گل اور چوہدری ظہیر عباس عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور سماعت کے موقع پر نیب کی نمائندگی امجد پرویز، سردار مظفر عباسی نے اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ کی۔
بتایا گیا ہے کہ آج کی سماعت کے دوران سابق وزیر دفاع پرویز خٹک اپنا بیان ریکارڈ کروانے کے لیے عدالت میں پیش ہوئے، اس دوران طویل عرصے بعد ان کا اور عمران خان کا سامنا ہوا، پرویز خٹک کی جانب سے جب بیان ریکارڈ کروایا جارہا تھا تو اس دوران عمران خان ان کا بیان سنتے ہوئے مسلسل مسکراتے رہے، تاہم پرویز خٹک اپنا بیان 15 منٹ میں ریکارڈ کروا کر وہاں سے واپس چلے گئے۔
معلوم ہوا ہے کہ اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران آج بنی گالا اسلام آباد کے پٹواری عباس گوارئیہ پر جرح بھی مکمل کرلی گئی، تاہم سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال اور سابق وزیر اعظم کے اس وقت کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان بھی طلبی کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوئے، جب کہ ریفرنس میں مجموعی طور پر اب تک 31 گواہان کے بیانات ریکارڈ ہو چکے ہیں جن میں سے 30 پر جرح بھی مکمل کر لی گئی ہے، سابق وزیر دفاع کے بیان کے بعد اڈیالہ جیل میں 190ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت 13جولائی تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔