مون سون بارشوں کا ایک اور تگڑا سسٹم ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار

ملک کے کئی اضلاع میں 10 سے 15 جولائی تک مون سون کی زبردست بارشیں ہونے کی پیشن گوئی، متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) مون سون بارشوں کا ایک اور تگڑا سسٹم ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار، ملک کے کئی اضلاع میں 10 سے 15 جولائی تک مون سون کی زبردست بارشیں ہونے کی پیشن گوئی، متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ بالائی اور وسطی پنجاب کے بیشتر اضلاع 10 سے 15 جولائی تک مون سون بارشوں کی زد میں رہیں گے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہوائوں کے ساتھ شدید بارشوں کے امکانات ہیں،اس کے علاوہ 12 سے 14 جولائی جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارش کے بھی امکانات ہیں،بارشوں سے پنجاب کے ندی نالے بپھر سکتے ہیں،اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، جنوب مشرقی سندھ، شمالی/ جنوبی مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، موسلادھار بارش کے باعث زیریں سندھ اور زیریں بلوچستان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تاہم کراچی سمیت جنوب مشرقی سندھ، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش پڈعیدن میں 16، کراچی (سرجانی ٹاؤن 7، گلشن حدید 4، کیماڑی ایک) ،ٹنڈو جام 5، چھور 4، شہید بینظیر آباد 2، سیدو شریف، گلگت اور گوپس میں ایک ملی میٹر بارش ر یکارڈ کی گئی۔ پیر کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابو تربت میں درجہ حرارت 45، جیکب آباد 44، نوکنڈی، دالبندین 43، سبی، روہڑی، مٹھی اور موہنجو داڑو میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔