پنجاب بھر میں مرغی اور سبزیوں کی قیمتیں بے قابو ہو گئیں

مہنگائی میں کمی لانے کی دعویدار پنجاب حکومت آٹے کے بعد مرغی اور سبزیوں کی قیمتیں بھی کنٹرول کرنے میں ناکام، برائلر گوشت کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ ہو گیا

لاہور ( نیوز ڈیسک ) لاہور سمیت پنجاب بھر میں مرغی اور سبزیوں کی قیمتیں بے قابو ہو گئیں۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی میں کمی لانے کی دعویدار پنجاب حکومت آٹے کے بعد مرغی اور سبزیوں کی قیمتیں بھی کنٹرول کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں برائلر گوشت کی قیمت میں یکدم بڑا اضافہ ہو گیا۔
صرف 2 دنوں میں برائلر گوشت کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ پیر کے روز صوبائی دارلاحکومت لاہور کی اوپن مارکیٹ میں برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت میں 49 روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس اضافے کے ساتھ برائلر مرغی کا گوشت 470 روپے فی کلو کی سطح پر آ گیا ہے جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 250 روپے فی درجن کی سطح پر مستحکم رہی ۔
جبکہ پھل اور سبزیاں بھی غریب عوام کے دسترس سے باہر ہو گئیں۔ کئی شہروں میں ٹماٹر فی کلو 280 روپے توری 250 روپے،آلو 150 روپے بھنڈی 250 روپے،کیلا 280 روپے، آم 250 روپے، کدو 150 روپے، لیموں 500 روپے کی قیمت میں فروخت ہو رہے ہیں۔ جبکہ مارکیٹ میں آٹے کی قیمت بھی بے قابو ہو چکی۔ مارکیٹ میں چلی والے آٹے کی قیمت 110 روپے کلو جبکہ فائن آٹے کی قیمت 100 روپے ہو چکی۔
دوسری جانب وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.28 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر 23 اعشاریہ 59 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ ہفتے پانچ اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ سترہ اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ گزشتہ ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 84 روپے، آٹے کا 20 کلو تھیلا 188 روپے 44 پیسے، دال چنا اور دال مونگ 9 روپے کلو مہنگی ہوگئی۔
اسی طرح زندہ مرغی فی کلو 7 روپے، لہسن فی کلو کی قیمت 8 روپے بڑھ گئی۔ چینی، دہی، دال ماش، چاول، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ اس کے ساتھ ایک ہفتے میں پیاز فی کلو قیمت میں 11 روپے اور آلو، انڈے، کیلے سادہ بریڈ بھی سستی ہوگئی ہیں۔