عمران خان کے جیل میں گزارے ایک ایک دن کا حساب لیں گے، پنجاب سے بھی عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک شروع کریں گے، جو بھی باجوہ بنے گا اُسے غدار کہوں گا، روک سکتے ہوتو روک لو۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور
مانسہرہ ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ آئین توڑنے والو سُن لو! ہم تمہیں پھانسیوں پر لٹکائیں گے، بانی پی ٹی آئی کے جیل میں رہنے کے ایک ایک دن کا حساب لیں گے، پنجاب سے بھی عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک شروع کریں گے۔ مانسہرہ میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بحیثیت وزیراعلیٰ اعلان کررہا ہوں، پہلے بھی کہا تھا باجوہ غدار ہے، جو بھی باجوہ بنے گا میں اُسے غدار کہوں گا، روک سکتے ہو تو روک لو۔
یہ سیاسی جنگ ہے، میرے محافظو ہمارے اور مینڈیٹ چوروں کے درمیان نہ آؤ، ہم ان کو نہیں چھوڑیں گے، بانی پی ٹی آئی ہمارے لئے جیل میں ہیں، آئین توڑنے والو سُن لو تمہیں ہم پھانسیوں پر لٹکائیں گے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے تحریک میں سب سے آگے ہوں گا، بانی پی ٹی آئی کے جیل میں رہنے کے ایک ایک دن کا حساب لیں گے۔
اگر پرویز خٹک نے بانی پی ٹی آئی کے خلاف گواہی دی تو ان کو خیبرپختونخواہ میں نہیں رہنے دیں گے، پنجاب سے بھی عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک شروع کریں گے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے عمران خان کے کیسوں سے الگ ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ججز انصاف نہیں دے پا رہے، جو دباو دے رہے ہیں اُن کا نام بتاو ہم آپ کیساتھ ملکر انصاف لیں گے۔
یہ کسی کے باپ کا ملک نہیں، عمران خان ایک بار کہہ دے آجاؤ تاکہ ہمارے دل کے ارمان پورے ہو جائیں۔ اس موقع پر اعظم خان سواتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہیلری کلنٹن نے کہا تھا کہ جب تم سانپ پالو گے تو نتیجہ وہی ہوگا جو باجوڑ میں ہو رہا ہے، گلگت اور بلوچستان میں ہو رہا ہے، اسی وجہ سے عمران خان نے کہا تھا کہ آپریشن، Absolutely not۔ اعظم خان سواتی نے کہا کہ چند جرنیلوں نے مجھے 2024 کا الیکشن نہیں لڑنے دیا لیکن اس کے باوجود مانسہرہ کی عوام نے ملک کے سب سے بڑے چور نواز شریف کو بدترین شکست دی۔