وفاقی بجٹ میں ٹیکسز بڑھنے کے اثرات، مہنگائی کی شرح 23.59 فیصد تک پہنچ گئی

دالوں، ٹماٹر آٹے سمیت 29 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ہفتہ وار بنیادوں پر صرف 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی بجٹ میں ٹیکسز بڑھنے کے اثرات، مہنگائی کی شرح 23.59 فیصد تک پہنچ گئی، جس کے باعث ہفتہ وار بنیادوں پر 29 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 1.28 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔
ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر 23 اعشاریہ 59 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رواں ہفتے پانچ اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ سترہ اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رواں ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 84 روپے، آٹے کا 20 کلو تھیلا 188 روپے 44 پیسے، دال چنا اور دال مونگ 9 روپے کلو مہنگی ہوگئی۔ اسی طرح زندہ مرغی فی کلو 7 روپے، لہسن فی کلو کی قیمت 8 روپے بڑھ گئی۔
چینی، دہی، دال ماش، چاول، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ اس کے ساتھ ایک ہفتے میں پیاز فی کلو قیمت میں 11 روپے اور آلو، انڈے، کیلے سادہ بریڈ بھی سستی ہوگئی ہیں۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹ کے مطابق ملک میں دو روز میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2100 روپے جبکہ دس گرام سونے کی قیمت میں 1801 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ آج سونے کی فی تولہ قیمت ایک ہزار 100 روپے بڑھ گئی ہے۔
فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 2 لاکھ 44 ہزار 400 روپے ہو گئی ہے۔ اسی طرح آج دس گرام سونے کی قیمت میں 944 روپے کا اضافہ ہوا۔ جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 9 ہزار534 روپے ہوگئی ہے۔ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت 9 ڈالر بڑھ کر 2344 ڈالر فی اونس ہوگئی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کی انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق جمعہ کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قیمت میں 12 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 278 روپے 37 پیسے ہو گئی ہے۔