کتنے یونٹوں کے استعمال پر فی یونٹ کیا قیمت ہوگی؟ تفصیلات سامنے آ گئیں
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) حکومت کی جانب سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 7 روپے 12 پیسے تک اضافے کے بعد اب صارفین کو کتنے یونٹوں کے استعمال پر فی یونٹ کیا قیمت پڑے گی اس حوالے سے تفصیلات سامنے آ گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ نے گھریلو صارفین کے لیے بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے تک مقرر کرنے کی منظوری دی ہے، جب کہ مجموعی طور پر فی یونٹ بنیادی ٹیرف میں 3 روپے 95 پیسے سے 7 روپے 12 پیسے تک اضافہ منظور کیا گیا ہے۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ نان پروٹیکٹیڈ گھریلو صارفین کے لیے 1 سے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے پر ٹیرف میں 7 روپے 11 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 23 روپے 59 پیسے فی یونٹ ہوگی، اسی زمرے میں شامل صارفین کے لیے ماہانہ 101 سے 200 یونٹ چلنے پر بنیادی ٹیرف 7 روپے 12 پیسے اضافے کے بعد 30 روپے07 پیسے مقرر کیا گیا ہے، 201 سے 300 یونٹ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کیلئے بنیادی ٹیرف کی مد میں 7 روپے 12 پیسے اضافہ منظور ہوا ہے اور نئی قیمت 34 روپے 26 پیسے ہوگی۔
دستاویز سے معلوم ہوا ہے کہ ماہانہ 301 سے 400 یونٹ پر بنیادی ٹیرف 7 روپے 02 پیسے بڑھا ہے اور نئی قیمت 39 روپے 15 پیسے مقرر کی گئی ہے، ماہانہ 401 سے 500 یونٹ پر بنیادی ٹیرف کا اضافہ 6 روپے 12 پیسے ہوا ہے اور نئی قیمت 41 روپے 36 پیسے ہوگی، ماہانہ 501 سے 600 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے ٹیرف 6روپے 12پیسے بڑھ چکا ہے اور نئی قیمت 42 روپے 78 پیسے مقرر کی گئی ہے، ماہانہ 601 سے 700 یونٹ کے بنیادی ٹیرف میں بھی 6 روپے 12 پیسے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی یونٹ قیمت 43 روپے 92 پیسے کردی گئی ہے، اسی طرح یونٹ سے زیادہ استعمال والے صارفین کے لیے بھی ٹیرف میں 6 روپے 12 پیسے اضافہ منظور کیا گیا ہے، ان کے لیے نئی قیمت 48 روپے 84 پیسے فی یونٹ یوگی۔
بتایا جارہا ہے کہ ایک سے 100 یونٹس استعمال کرنے والے غریب ترین اور پروٹیکٹڈ تصور کیے جانے والے صارفین کے لیے بھی بنیادی ٹیرف میں اضافہ منظور کیا گیا ہے، جس کے بعد 1 سے 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے بجلی کی کی فی یونٹ قیمت 7 روپے 74 پیسے سے بڑھ کر 11 روپے 69 پیسے ہوچکی ہے جو کہ 3 روپے 95 پیسے یا 51 فیصد کے اضافے سے زیادہ ہے، جب کہ 101 سے 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے بنیادی ٹیرف 4 روپے 10 پیسے بڑھ چکا ہے اور نئی فی یونٹ قیمت 14 روپے 16 پیسے مقرر کی گئی ہے جو پہلے 10 روپے 06 پیسے تھی۔