تاجکستان اور پاکستان نے سرمایہ کاری کیلئے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیئے

وزیراعظم نے تاجک صدر کو پاکستان اور تاجکستان کے عوام کے درمیان سماجی روابط کو وسعت دینے کی دعوت دی

دوشنبے ( نیوز ڈیسک ) تاجکستان اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران پاکستان اور تاجکستان کے اعلیٰ سطح کے وفود کے درمیان مذاکرات ہوئے، جن کے بعد سفارتکاری، تعلیم، کھیل، صنعتی تعاون، سیاحت اور دیگر شبعوں میں دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے لیے مفاہمتی یاد داشتوں اور معاہدوں پر دستخط ہوئے، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے دو طرفہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم نے تاجک صدر کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور پاکستان اور تاجکستان کے عوام کے درمیان سماجی روابط کو وسعت دینے کی دعوت دی۔
سرکاری خبررساں ادارے ’اے پی پی‘ کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح وفود کے اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا، اس دوران دونوں وفود نے سماجی، مذہبی، علاقائی اور تاریخی تعلقات کی بنیاد پر قائم باہمی روابط کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، دو طرفہ تعلقات کے ضمن میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، باہمی روابط، ثقافت، تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، دفاع، انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر امداد، پارلیمانی تبادلوں اور دیگر شعبوں میں اشتراک کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان موجود دوستانہ تعلقات کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان اور تاجکستان کے مابین خارجہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط ہوئے، جس کے تحت پاکستان اور تاجکستان کے حالیہ خارجہ تعلقات کو طویل مدتی اسٹریٹجک اشتراک میں تبدیل کیا جائے گا، اس معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ہوا بازی، سفارتکاری، تعلیم، کھیلوں، سماجی روابط، صنعتی تعاون، سیاحت اور دیگر شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے تاجکستان کے دو روزہ دورے نے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید تقویت دی ہے، وزیراعظم نے تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں قصر ملت کے علاوہ اسماعیل سامانی کی یادگار اور قصر نوروز کا دورہ بھی کیا، وزیراعظم نے دوشنبے میں قصرِ نوروز کا دورہ کیا، تاجک صدر امام علی رحمٰن نے قصر نوروز آمد پروزیراعظم کا پر تپاک استقبال کیا اور وزیراعظم کو خود قصر نوروز کا دورہ کرای، ۔وزیراعظم نے قصر نوروز اور تاجک فن تعمیر کی تعریف کی، تاجک صدر نے وزیراعظم اورپاکستانی وفد کے اعزاز میں قصر نوروز میں عشائیے کا اہتمام کیا۔