عمران خان کبھی کمپرومائزڈ نہیں ہوں گے، بیرسٹر گوہر

تاریخ میں پہلا کیس عدت والا آیا جو عمران خان پر پریشر ڈالنے کیلئے بنایا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ عدت نکاح کیس زندگی میں پہلی بار کوئی ایسا ذاتی نوعیت کا کیس بنایا گیا جس میں عورت کو بھی شامل کیا گیا جس کا مقصد صرف یہ تھا کہ عمران خان پر پریشر پڑے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ میں پہلا ایسا کوئی کیس آیا ہے جو آنا نہیں چاہیئے تھا یہ پولیٹیکل وکٹمائزیشن ہے، اس کیس کا مقصد عمران خان پر پریشر ڈالنا تھا تاکہ انہیں کمپرومائزنگ پوزیشن میں لایا جاسکے لیکن عمران خان مضبوط شخصیت کے مالک ہیں وہ کبھی کمپرومائزڈ نہیں ہوں گے، وہ اپنے مؤقف پر کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ہائیکورٹ نے سیشن عدالت کو 12 جولائی سے پہلے فیصلہ کرنے کی ہدایت دی ہے، آج اس کیس کی اپیل پر سماعت ہوئی جہاں ہمارے وکیل سلمان اکرم راجہ نے اپنے دلائل مکمل کرلیے ہیں، اب پیر کو اس کیس کی دوبارہ سماعت ہوگی، ہمیں امید ہے یہ کیس مکمل ہوگا تو ہمیں ریلیف ملے گا کیوں کہ ہم سمجھتے ہیں یہ بے بنیاد کیس ہے۔
اس کے علاوہ چیئرمین تحریک انصاف یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ پی ٹی آئی کا کوئی فارورڈ بلاک نہیں ہے صرف عمران خان بلاک ہے، اختلاف سب کرتے ہیں اور اختلاف کرنا ہر شخص کا حق ہے، عمر ایوب واقعے کو شیر افضل مروت کے حوالے سے غلط رپورٹ کیا جا رہا ہے، سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے استعفیٰ دیا ہے، اس معاملے پر عمران خان سے ملاقات ہوگی، اس کے علاوہ پارلیمانی پارٹی نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ اس استعفے کو منظور نہ کیا جائے، کور کمیٹی کی میٹنگ میں بھی اس حوالے سے بات کی جائے گی اور عمران خان سے بھی اس حوالے سے مشاورت کی جائے گی، ہم عمران خان کے مشورے سے چیزیں آگے لے کر جا رہے ہیں، فواد چوہدری کے ساتھ اچھا وقت گزرا ہے، اچھے لوگ اچھے الفاظ کا چناؤ کرتے ہیں۔