مقدمات کی وجہ سے ممبر اسمبلی منتخب نہیں ہو پا رہے، زیر التوا اپیل کی وجہ سے ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے، اس لیے نا اہلی کیخلاف اپیل جلد سماعت کیلئے مقرر کی جائے۔ درخواست میں استدعا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے نا اہلی کے خلاف زیر التوا اپیل کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔ تفصیلات کے مطابق درخواست عمران خان کے وکیل علی ظفر نے دائر کی، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان سابق وزیراعظم اور سب سے بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، درخواست گزار کو الیکشن کمیشن کی جانب سے نااہل کرنے کے بعد پارٹی سربراہ کے عہدے سے ہٹانے کی کارروائی جاری ہے، الیکشن کمیشن کے احکامات کے خلاف اسلام آباد اور لاہور ہائی کورٹ میں مقدمات زیر التوا ہیں، سپریم کورٹ میں زیر التوا کیس کی وجہ سے ہائی کورٹس میں کارروائی آگے نہیں بڑھ پا رہی ہے۔
درخواست میں میں بتایا گیا ہے کہ ان مقدمات کی وجہ سے درخواست گزار ممبر اسمبلی منتخب نہیں ہو پا رہے، زیر التوا اپیل کی وجہ سے درخواست گزار ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتا، اس لیے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نا اہلی کے خلاف اپیل کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔
بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا فیصلہ بانی پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہوا ہے جہاں ان کی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا 6 دسمبر 2023ء کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، اگر فیصلہ کالعدم نہیں ہوتا تو مقدمہ لاہور ہائی کورٹ منتقل کرنے کا حکم دیا جائے کیوں کہ اسمبلی رکنیت اور پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا، لاہور ہائی کورٹ میں کیس زیر سماعت ہونے کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی گئی، بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ سے درخواست واپس لینے کی استدعا کی لیکن اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس واپس لینے کی استدعا مسترد کردی۔