ملک میں بجٹ آنے کے بعد مہنگائی کی شرح میں اضافہ

گزشتہ ہفتے مہنگائی 0.94 فیصد بڑھ گئی جبکہ سالانہ بنیاد پر 23.78 فیصد تک پہنچ گئی، رواں ہفتے کے دوران 25 اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا،ادارہ شماریات کی رپورٹ

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) ملک میں بجٹ آنے کے بعد مہنگائی کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے،ملک میں ہفتہ وار مہنگائی بڑھ گئی،گزشتہ ہفتے مہنگائی 0.94 فیصد بڑھ گئی جبکہ سالانہ بنیاد پر 23.78 فیصد تک پہنچ گئی،ادارہ شماریات نے ہفتہ وارمہنگائی سے متعلق اعدادوشمارجاری کئے ہیں جس میں کہا گیاکہ رواں ہفتے کے دوران 25 اشیاءضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹماٹر،آلو، پیاز، لہسن، انڈے اور دودھ کے علاوہ ایل پی جی گیس، سگریٹس اور کپڑے کی قیمت بھی بڑھ گئی۔ اس دوران صرف 5 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔حساس قیمت انڈیکس سے پیمائش کردہ مہنگائی میں ملک کے 17 شہر کی 50 منڈیوں سے 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے۔
زیرہ جائزہ مدت کے دوران 25 مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، 5 کے نرخوں میں تنزلی جبکہ دیگر 21 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

باسمتی چاول، دال مسور، چکن، پٹرول اور ڈیزل سستا ہوا۔ گزشتہ ہفتے ٹماٹر 63 روپے کلو مہنگے ہوئے، قیمت 96 روپے سے بڑھ کر 98 روپے کلو رہی جبکہ پیاز 4 روپے 81 پیسے اور ایل پی جی سلنڈر تقریباً 70 روپے مہنگا ہوا۔ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق 20 جون کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ہفتہ وار بنیادوں پر جن اشیا کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا، ان میں ٹماٹر 65.84 فیصد، آلو 5.61 فیصد، پیاز 3.78 فیصد، کیلے 3.29 فیصد، ایل پی جی2.44 فیصد، سگریٹ 1.67 فیصد، دال مونگ 1.53 فیصد، لہسن 1.29 فیصد، تازہ ملک 0.95 فیصد، انڈے 0.83 فیصد شامل ہیں۔
ہفتہ وار بنیادوں پر جن اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ان میں پیٹرول3.76 فیصد، ڈیزل 0.84 فیصد، ٹوٹا چاول باسمتی اور دال مسور0.08 فیصداور مرغی کا گوشت (0.05 فیصد) شامل ہے۔