وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے نیشنل گرڈ کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دے دی

واپڈا ہمارے صوبے کے ساتھ زیادتی کررہا ہے، وفاقی حکومت اپنی ذمے داری پوری نہیں کررہی، اگر نیشنل گرڈ سے بجلی کم کی گئی تو بجلی بند کردوں گا۔ علی امین گنڈاپور کی پریس کانفرنس

ڈیرہ اسماعیل خان ( نیوز ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے نیشنل گرڈ کی بجلی بند کرنے کی دھمکی دے دی۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واپڈا ہمارے صوبے کے ساتھ زیادتی کررہا ہے، وفاقی حکومت اپنی ذمے داری پوری نہیں کررہی، اگر نیشنل گرڈ سے بجلی کم کی گئی تو بجلی بند کردوں گا، جتنا وفاق نے بجٹ پیش کیا اس سے زیادہ ہمارے صوبے کے واجبات رہتے ہیں جو نہیں ادا کیے جا رہے، سی سی آئی سے منظور شدہ صوبے کے واجبات ہمیں نہیں مل رہے، آپ کس طرح بیٹھے ہیں اور کس طرح آپ کو نکالنا ہے مجھے پتا ہے، یہ لوگ مینڈیٹ چوری کرکے حکومت میں بیٹھے ہیں۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے واپڈا کے ساتھ پلان بنایا کہ نقصان والے علاقوں میں سولر لگائیں گے، سولر سسٹم کے لیے 10 ارب روپے مختض کیے جس کے لیے ڈیڑھ مہینے کا وقت مختض کیا، وفاقی وزیر سے ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد رابطہ کیا لیکن کوئی جواب نہ مل سکا، میں نے اویس لغاری کو کل کی پیغام بھیجا لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا، وزیراعظم مجھے مجبور کر رہا ہے کہ ان کی حکومت کو دھکے دے کر نکالا جائے، صوبے کا حق بھی لینا ہے اور حق لینے سے کوئی روک نہیں سکتا، حکومت سے دوبارہ بات کریں گے مسائل سے آگاہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ کی صرف بات نہیں کرتے ہم اس پر عمل بھی کرتے ہیں، ہمیں اپنے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے، عوام سے التماس ہے واپڈا کے کسی بھی اثاثے کو نقصان نہیں پہنچانا کیوں کہ یہ ہمارا اثاثہ ہے، تمام ایم پی ایز بھی گرڈ اسٹیشن پر جائیں اور وزیراعظم سے آخری بار کہتا ہوں ہمارے پیسے واپس دو۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ صوبے میں 12 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ نہیں ہونی چاہیئے، وعدہ کرتا ہوں 12 گھنٹے سے زیادہ لوڈشیڈنگ کسی بھی فیڈر پر نہیں ہوگی، عوام نے خود بیٹھ کر چوکیداری کرنی ہے کہ 12 گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ کہیں نہ ہو، خیبر پختونخوا کی پولیس واپڈ کے کہنے پر کسی بھی شخص پر ایف آئی آر درج نہیں کرے گی، خیبرپختونخوا کی پولیس واپڈا کی ما تحت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ ختم کرنا وفاقی حکومت کی ذمے داری ہے، وفاق اپنی ذمے داری پوری نہیں کررہا، یہ لوگ چوری کا مینڈیٹ لے کر حکومت میں بیٹھے ہیں اگر نیشنل گرڈ سے بجلی کم کی گئی تو بجلی بند کردوں گا، واپڈ جو زیادتیاں کر رہا ہے تو عوام کو حق کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے ذمہ داران اور پارلیمنٹیرینز عوام کی نمائندگی کریں گے، میینڈیٹ چور حکومت میں چوری کوٹ کوٹ کر بھری ہے۔