حکومت مخالف تحریک، عمران خان نے فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی

قائد پی ٹی آئی کا پیغام سربراہ جے یو آئی ف تک پہنچادیا گیا، دونوں جماعتوں کی مذاکراتی کمیٹیاں متفقہ حکمت عملی مرتب کریں گی، جلد معاملات طے پانے کا امکان ظاہر کردیا گیا

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) حکومت مخالف تحریک کے لیے قائد پی ٹی آئی عمران خان نے جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علماء اسلام ف میں جلد معاملات طے پانے کا امکان ہے، اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات بانی پی ٹی آئی تک پہنچ چکے ہیں، جن کے جواب میں عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروا دی ہے، اس حوالے سے قائد تحریک انصاف کا پیغام جے یو آئی ف کے سربراہ تک پہنچادیا گیا۔
ذرائع نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے مولانا فضل الرحمان سے مل کر معاملات طے کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اس مذاکراتی کمیٹی کی سربراہی کریں گے، دونوں جماعتوں کی مذاکراتی کمیٹیاں متفقہ حکمت عملی مرتب کریں گی، متفقہ حکمت عملی کیلئے احتجاجی تحریک سمیت دیگر نکات پر پہلے اتفاق رائے کیا جائے گا، اتفاق رائے کی صورت میں مولانا فضل الرحمان اور بانی پی ٹی آئی عمران خان معاہدے پر دستخط کریں گے۔
دوسری طرف جمعیت علمائے اسلام شیرانی گروپ نے تحریک انصاف کے اپوزیشن اتحاد کا حصہ بننے کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا، مولانا شجاع الملک کی قیادت میں جے یو آئی شیرانی گروپ کے وفد نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے جے یو آئی شیرانی گروپ کو گرینڈ اپوزیشن الائنس سے سرگرمیوں سے متعلق آگاہ کیا، اس دوران انہوں نے پی ٹی آئی کی زیر قیادت اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ملاقات میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ مولانا شیرانی کے سیاسی نقطہ نظر کو قابل قدر سمجھا ہے، ہمیں آئین کی بحالی اور اس کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے، مولانا شیرانی کی جماعت اور پی ٹی آئی کا مؤقف ایک جیسا ہے، دونوں جماعتیں آئین کی عمل داری اور ملک میں قانون کی بالادستی کی بحالی چاہتی ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ ہمارے رہنماؤں کے خلاف 200 سے زیادہ جھوٹے مقدمات درج کیے جا چکے ہیں لیکن تمام تر جھوٹے اور من گھرٹ پروپیگنڈے کے باوجود پی ٹی آئی نے 8 فروری کے انتخابات میں تاریخی کامیابی حاصل کی، ملک میں جمہوریت بالادستی اور آئین کے تحفظ کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے جے یو آئی شیرانی کے رہنماء مولانا شجاع الملک نے ملک بھر کے تمام علماء پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور آئین کے تحفظ کے لیے تحریک کا حصہ بنیں اور قوم کی درست سمت میں راہنمائی کا اپنا فرض ادا کریں، میں دونوں جماعتوں کے درمیان طے پانے والے معاملات کی کامیابی کے لیے دعا گو ہوں۔