مہنگائی کی شرح میں اضافے کے باعث 19 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوگئیں

ایک ہفتے میں پیاز، ٹماٹر، دال ماش، چکن، کچھ مصالحہ جات اور فروٹ سمیت 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر 21.69 فیصد کی سطح پر آ گئی ہے، ایک ہفتے میں 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں0.45 فیصد اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح 21 اعشاریہ 69 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
مہنگائی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں چودہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ رواں ہفتے جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں ایک ہفتے میں پیاز، ٹماٹر، دال ماش، چکن، کچھ مصالحہ جات، گڑ ، سگریٹ اور فروٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔ رواں ہفتے پیاز کی فی کلو قیمت میں 33 روپے 39 پیسے، ٹماٹر فی کلو 10 روپے 6 پیسے، کیلے فی درجن 7 روپے 26 پیسے، چکن 5 روپے 91 پیسے، آلو 2 روپے 36 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔
اسی طرح چودہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی جن میں پیٹرولیم مصنوعات، ڈبل روٹی کی قیمت میں 3 روپے 5 پیسے، انڈے فی درجن 2 روپے 27 پیسے سمیت چاول، چلی پاؤڈر، خشک دودھ، چینی، دال مونگ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔ اسی طرح بیف، دہی، چائے کی پتی سمیت 18 اشیاء کے نرخ برقرار رہے۔ دوسری جانب پاکستان میں 15 جون سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 12 روپے تک فی لیٹر کمی متوقع ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت میں 5 ڈالر 14 سینٹ کی کمی ہوگئی ہے، جس کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت کم ہوکر89 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 12 روپے کم ہونے کی توقع ہے۔ عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت کم ہوکر89 ڈالر ہوگئی جبکہ ڈیزل کی قیمت 4 ڈالر کی کمی کے بعد 93 ڈالر 88 سینٹ پر فروخت ہورہا ہے۔ یاد رہے یکم جون کو وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے 15 روپے فی لیٹر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا عندیہ دیا گیا تھا، لیکن وزارت خزانہ نے پیٹرول کی قیمت میں 4.74 پیسے اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹرقیمت میں 3.86 روپے کی کمی کی تھی۔