اسلام آباد 🙁 نیوز ڈیسک ) مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کو ایک اور ریلیف دینے کی تیاری کرلی گئی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 12 روپے تک کمی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت میں 5 ڈالر 14 سینٹ کی کمی ہونے سے پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لٹر کمی کا امکان ہے ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت 89 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔ اسی طرح عالمی منڈی میں ڈیزل چار ڈالر کی کمی کے بعد 93 ڈالر 88 سینٹ پر ٹریڈ کررہا ہے، اسی تناسب سے پاکستان میں ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 45 پیسے کی کمی متوقع ہے۔
یاد رہے کہ 16 اپریل سے پٹرول کی قیمت میں 24 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لٹرکی کمی ہوچکی ہے۔
جبکہ دوسری جانب عوام کو ایک اور زور کا جھٹکا، بجلی 3 روپے 33 پیسے فی یونٹ مہنگی
حکومت نے ایک بار پھر مہنگائی کے ستائے عوام پر بجلی بم گراتے ہوئے قیمتوں میں 3 روپے33 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا۔
نیپرا ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق رواں ماہ کے بلوں پر ہو گا، صارفین سے 3 روپے 33 پیسے فی یونٹ اضافہ ایک ماہ میں وصول کیا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر نہیں ہو گا۔
نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔