اسٹاک مارکیٹ بدترین مندی کی زد میں

مندی کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب گئے

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) اسٹاک مارکیٹ بدترین مندی کی زد میں، مسلسل تیسرے روز مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں ہفتے کے مسلسل تیسرے کاروباری مندی کے بادل چھائے رہے۔ رواں کاروباری ہفتے کے آغاز سے قبل پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 75 ہزار پوائنٹس کی سطح سےتجاوز کر چکا تھا۔
تاہم رواں کاروباری ہفتے کے آغاز کے بعد سے اب تک مارکیٹ مجموعی طور پر شدید مندی کی زد میں ہے۔ مسلسل 3 دن کی مندی سے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کے 200 ارب روپے تک ڈوب چکے۔ بدھ کے روز کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا تاہم پھر وقفے وقفے سے سرمائے کے انخلا سے اتارچڑھاؤ کے بعد مندی کے اثرات غالب ہوگئے جس کے نتیجے میں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 447.22 پوائنٹس کی کمی سے 74219.44 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
بدھ کے روز مارکیٹ میں کاروباری حجم منگل کی نسبت 16 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 34 کروڑ 85 لاکھ 49 ہزار 582 حصص کے سودے ہوئے۔ جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 441 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 127 کے بھاو میں اضافہ 246 کے داموں میں کمی اور 68 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط پر عملدرآمد ہونے اور مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی ہو جانے کے باوجود شرح سود میں نمایاں کمی نہ ہونے کے امکانات کے باعث مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے انتہائی محتاط انداز میں آپریٹ کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیے جانے اور مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود کے حوالے سے اعلان کیے جانے کے بعد ہی اسٹاک مارکیٹ میں بہتری یا ابتری کے حوالے سے صورتحال واضح ہو سکے گی۔