طارق فضل چوہدری ،انجم عقیل اور خرم نوازنے الیکشن ٹریبونل پر عدم اعتماد کااظہار

اسلام آباد الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواستیں جمع کرو ادی گئیں جس میں تینوں رکن قومی اسمبلی نے موجودہ الیکشن ٹریبونل کی شفافیت اور غیر جانبدار ہونے پر اعتراضات اٹھا دیئے

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماﺅں طارق فضل چوہدری ،انجم عقیل اور خرم نوازنے الیکشن ٹریبونل پر عدم اعتماد کااظہارکر دیا،اسلام آباد الیکشن ٹریبونل کی تبدیلی کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواستیں جمع کرو ادی گئیںجس میں تینوںرکن قومی اسمبلی نے موجودہ الیکشن ٹریبونل کی شفافیت اور غیر جانبدار ہونے پر اعتراضات اٹھا دیئے۔
درخواست دہندگان نے پٹیشن میں استدعا کی ہے کہ درخواست دہندگان کو خدشہ ہے کہ انہیں انصاف نہیں ملے گا کیونکہ موجودہ ٹریبونل سے درخواست دہندگان مطمئن نہیں ہیں۔ معزز ٹریبونل اس معاملے میں غیر ضروری جلد بازی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔درخواست دہندگان نے کہا کہ معزز ٹریبونل کے مذکورہ عمل میں تعصب ہے۔
معزز ٹریبونل غیر جانبداری سے کام نہیں کر رہا۔

آرٹیکل 4 کے مطابق جو کہ کسی بھی فرد کا بنیادی حق ہے اس کے مطابق اس کے ساتھ معاملہ کیا جائے، قانون کے تحفظ و بالادستی اور اس کے مطابق سلوک کیا جانا قانون کے مطابق ہر شہری کا ناقابل تنسیخ حق ہے۔درخواست دہندگان کے مطابق انہوں نے عام انتخابات 2024ءمیں کامیابی حاصل کی، درخواست دہندگان نے استدعا کی ہے کہ مندرجہ بالا گزارشات کے پس منظر کے پیش نظرانصاف کی فراہمی کیلئے الیکشن پٹیشن نمبر 73 برائے 2024ءکی کارروائی سے ٹریبونل اسلام آباد کو بھی روکا جا سکتا ہے۔
درخواست دہندگان کی جانب سے اس معاملے میں مزید ریلیف کی فراہمی کی بھی درخواست کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں کمیشن جو مناسب ریلیف سمجھے وہ فراہم کیا جائے۔دریں اثناءاسلام آباد کے حلقہ این اے 47 میں مبینہ دھاندلی کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری کے وکیل سردار تیمور اسلم نے مزید وکالت کرنے سے معذرت کرلی۔وکیل سردار تیمور اسلم نے ذاتی مصروفیات کے باعث مزید وکالت سے معذرت کی ہے۔ سردار تیمور اسلم نے ہائی کورٹ میں جمع اپنا وکالت نامہ بھی واپس لے لیا۔