راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضیٰ نے نوٹس لیتے ہوے عوام الناس کو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں سے خبردار رہنے کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان آر ڈی اے نے کہا کہ ڈی جی آرڈی اے نے میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آرڈی اے کو قوانین کی خلاف ورزی میں ملوث غیر قانونی ہاوسنگ سکیموں کو بلا امتیاز پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز 2021 کے تحت نوٹسز جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ترجمان کے مطابق ڈی جی آر ڈی اے نے یہ بھی ہد ایت کی ہے کہ غیر قانونی اشتہارات و مارکیٹنگ کے خلاف بھی کاروائی کی جائے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرا دی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان و سپانسرز گمراہ کن اشتہارات کے ذریعے سے عوام الناس کو گمراہ کر رہے ہیں اس سلسلہ میں آر ڈی اے کے پلاننگ ونگ نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کو بھی درخواست کی ہے کہ ان سکیموں کے غیر قانونی اور گمراہ کن اشتہارات کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے تاکہ عوام الناس کو ان کے جھانسے میں آنے سے بچایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر عوام الناس کو ان کے مفاد میں مشورہ دیا جا تا ے کہ وہ غیر قانونی و غیر مجاز سکیموں میں کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری کرنے میں اجتناب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام الناس کو یہ بھی مشورہ دیا جاتاہے کہ وہ آر ڈی اے سے سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے سے قبل جانچ پڑتال کر لیا کریں۔ نیز آر ڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pkپر بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔