آئی جی آفس کے باہر ڈکیتی کی واردات میں ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے شہری ہلاک‘راہ گیربچہ زخمی

تین مسلح ڈاکوں نے فائرنگ کرکے شہری کو قتل کیا اور موٹرسا ئیکلوں پر فرارہوگئے‘شہری نے ڈکیتی میں مزاحمت کی جس پر ڈاکوﺅں نے فائرنگ کردی.پولیس

لاہور( کرائم ڈیسک ) صوبائی دارالحکومت لاہور میں انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب ( آئی جی) آفس کے باہر ڈکیتی کی واردات میں تین مسلح ڈاکوں نے فائرنگ کرکے شہری کو قتل کیا اور موٹرسا ئیکلوں پر فرارہوگئے نجی ٹی وی کے مطابق لاہور کے گنجان آباد ترین علاقے انارکلی کے قریب لاج روڈ پر واقع آئی جی پنجاب کے دفتر کے باہرتین ڈاکوﺅں نے فائرنگ کی جس سے 36 سالہ نوجوان قتل اور راہ گیر بچہ شدید زخمی ہوگیا.
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ واقع آئی جی آفس کے قریب پیش آیا جبکہ کرائم رپورٹرز رپورٹ کررہے ہیں کہ واقع آئی جی آفس کے داخلی دروازے کے باہر چند میٹر کے فاصلے پر پیش آیا جبکہ یہ سارا علاقہ چوبیس گھنٹے پولیس سیکورٹی کے حصار میں رہتا ہے بتایا جارہا ہے کہ 36 سالہ نوجوان عابد حسین اپنے بھائیوں کے ساتھ شاپنگ کرنے جا رہا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوﺅں نے گن پوائنٹ پر واردات کرنے کی کوشش کی‘عابد نے ڈکیت کو پکڑنے کی کوشش کی تو ڈاکوﺅں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں عابد جاں بحق ہوگیا اور گولی لگنے سے بلال نامی راہ گیر بچہ زخمی ہوگیا جسے طبی امدادکے لیے میوہسپتال پہنچایا گیا ہے.