صرف ایک ہفتے کے دوران ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 27 کروڑ ڈالرز سے زائد کی کمی ہونے کا انکشاف
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ملک کے ڈالرز ذخائر میں بڑی کمی ہو گئی، صرف ایک ہفتے کے دوران ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 27 کروڑ ڈالرز سے زائد کی کمی ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملک کے زرمبادلہ ذخائر کے حجم کے حوالے سے تازہ ترین اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جس کے بعد مطابق ناصرف سرکاری زرمبادلہ ذخائر، بلکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں بھی ایک ہفتے کے دوران بڑی کمی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں 27 کروڑ ڈالرز سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 6 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی، جس سے اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب 9 کروڑ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔
نجی بینکوں کے ذخائرمیں بھی 20 کروڑ 7 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی، جس سے نجی بینکوں کے زرمبادلہ ذخائر 5 ارب 22 کروڑ ڈالر کی سطح پر آگئے۔
ملکی ذخائر میں مجموعی طور پر 27 کروڑ ڈالر کی کمی ہوئی جس سے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 14 ارب 31 کروڑ ڈالر ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زرمبادلہ ذخائر میں کمی کے باعث کرنسی مارکیٹ میں روپے پر بھی دباو بڑھنا شروع ہو گیا ہے۔ کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر میں مسلسل گراوٹ کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔ امریکی کرنسی کی روز بروز بڑھتی قیمت سے پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ برقرار ہے۔
کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 10 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 278 روپے 50 پیسے پر بند ہوا ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 279 روپے 50 پیسے میں فروخت ہورہا ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز انٹربینک میں ڈالر 278 روپے 40 پیسے کی قیمت پربند ہوا تھا۔