محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور پنجاب کے کئی علاقوں میں بارشیں ہونے کی پیشن گوئی کر دی
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) ہیٹ ویوو کی چھٹی، طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا گیا، محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، گلگت بلتستان اور پنجاب کے کئی علاقوں میں بارشیں ہونے کی پیشن گوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں کی پیشن گوئی کر دی۔ محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق منگل 28مئی سے یکم جون کے درمیان ملک کے بالائی علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں، ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے۔
مغربی ہوائیں 28مئی کو ملک کے بالائی علاقوں پر اثر انداز ہوں گی، 28سے 29مئی کے دوران بلوچستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 28مئی سے یکم جون کے درمیان اسلام آباد اور مری سمیت پنجاب کے بیشتر مقامات پر آندھی، جھکڑ اور بارش متوقع ہے، 28مئی سے یکم جون کے درمیان خیبرپختونخواہ کے چند مقامات پر بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 28مئی سے یکم جون کے درمیان گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی، جھکڑ اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، 28 مئی سے ملک کے بالائی علاقوں میں گرمی کی لہر میں کمی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں میں ہیٹ ویو برقرار رہے گی، بڑھتے درجہ حرارت میں ہیٹ سٹروک سے بچا کیلئے شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اثر انداز ہونے والی غیر معمولی گرمی کی لہر نے مئی کے ماہ میں ہی شہریوں کو بے حال کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مئی کے ماہ کے آخری ہفتے میں قیامت خیز گرمی پڑنے کے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے۔ ملک کے بیشتر میدانی علاقے قیامت گرمی کی لہر کے زیرِ اثر ہیں، پیر کے روز موہنجو دڑو میں سورج سوا نیزے پر آگیا۔ موہنجو دڑو میں پیر کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ہوشربا 53 ڈگری سینیٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
موہنجو دڑو کے علاوہ بھی کئی علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی ریکارڈ کیا گیا۔ پیر کے روز دادو میں درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ سکھر اور سبی میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔ بہاولپور میں درجہ حرارت 47، مٹھی اور سرگودھا میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ فیصل آباد، ساہیوال، نوکنڈی، جہلم، بنوں میں درجہ حرارت 45 جبکہ حیدرآباد میں 44 اور ٹنڈوالہ یار میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔