پاکستان ایئرفورس کا طیارہ فنی خرابی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا۔ پولیس
شورکوٹ ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے شہر شورکوٹ کے قریب تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق شور کوٹ کے قریب پاکستان ایئرفورس کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تاہم خوش قسمتی سے اس حادثے میں پائلٹ محفوظ رہا، یہ تربیتی طیارہ چک کے قریب ہی کھیتوں میں گرا، جس کی وجہ سے زمین پر کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ طیارہ فنی خرابی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا ہے۔
قبل ازیں پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا، اس حادثے میں پائلٹ پیراشوٹ کے ذریعے زمین پر اترنے میں کامیاب رہا تھا، ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران میانوالی کے قریب گر کر تباہ ہوا، حادثے میں زمین پر کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی، ایئر ہیڈ کوارٹرز نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے بورڈ آف انکوائری تشکیل دیا تھا۔
اس سے پہلے 22 مارچ 2022ء کو پشاور کے قریب پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، اس حادثے میں طیارے میں موجود دونوں پائلٹ شہید ہوگئے تھے، تربیتی طیارہ معمول کے تربیتی مشن کے دوران پشاور کے قریب گر کر تباہ ہوا، جس میں سوار دونوں پائلٹ شہید ہوگئے، علاوہ ازیں پاک فضائیہ کا ایک چھوٹا تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب بھی گر کر تباہ ہوگیا تھا، اسی طرح پنجاب کے ضلع اٹک کے نزدیک پاک فضائیہ کا تربیتی لڑا کا طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا، یہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اس دوران حادثہ پیش آیا تاہم دونوں پائلٹ جہاز سے بحفاظت اترنے میں کامیاب رہے تھے۔