اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک ) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کو تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں حراست میں لیا گیا، سردار تنویر الیاس کیخلاف ایک مال میں حملے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر کیخلاف مال کے سکیورٹی انچارج کی مدعیت میں درج مقدمے میں 6 سنگین دفعات عائد کی گئی ہیں۔
مقدمے میں سردار تنویر الیاس، محمد علی، انیل سلطان، رضوان اور دیگر نامعلوم افراد نامزد ہیں، مقدمہ میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سردار تنویر الیاس 20 سے 25 افراد پر مشتمل مسلح جتھے کے ہمراہ مال کے دفتر میں تالا توڑ کر داخل ہوئے تھے، ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکی دی اور دفتر میں سکیورٹی اہلکار پر تشدد بھی کیا ہے۔