نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا،پنجاب اسمبلی سے قومی اسمبلی کی 11 خواتین ، خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 8 خواتین، خیبر پختونخوا اسمبلی سے 21 مخصوص خواتین ارکان جبکہ اقلیتوں کے 4 ارکان اورسندھ اسمبلی سے پی پی کی سمیتہ افضال سید اور ایم کیوایم کی مسرت جبیں کو بھی معطل کیا گیا ہے
اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب،سندھ اور خیبرپختونخواہ سے خواتین کی اضافی مخصوص نشستیں معطل کر دیں،جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا،نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب اسمبلی سے قومی اسمبلی کی 11 خواتین ، خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 8 خواتین، خیبر پختونخوا اسمبلی سے 21 مخصوص خواتین ارکان جبکہ اقلیتوں کے 4 ارکان اورسندھ اسمبلی سے پی پی کی سمیتہ افضال سید اور ایم کیوایم کی مسرت جبیں کو بھی معطل کیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل سندھ ندیم حیدر نے نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔یہ مخصوص نشستیں اضافی طور پر ن لیگ، پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں میں تقسیم کی گئی تھیں۔خیال رہے کہ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے بھی حکومتی اتحاد کو ملنے والی مخصوص نشستیں معطل کر دیں تھیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نشستیں معطل کیں تھیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن رکن رانا آفتاب کا پوائنٹ آف آرڈر درست قرار دیاتھا۔ سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے ڈیسک بجا کرسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کا خیر مقدم کیاتھا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے ایوان میں سپریم کورٹ کا فیصلہ پڑھ کر سنایاتھا۔ سپیکر نے ارکان کی معطلی کے حکم پر آج سے عمل درآمد کرنے کاحکم دےدیا۔ حکومتی اتحاد کے معطل ہونے والے ارکان کی تعدا د کم از کم 27 ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے چند روز قبل سنی اتحاد کونسل کی جانب سے مخصوص نشستیں دوسری جماعتوں کو دینے سے متعلق کیس میں پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کردیا تھا۔جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دئیے تھے کہ سیاسی جماعتیں اپنے تناسب سے تو نشستیں لے سکتی ہیں باقی نشستیں انہیں کیسے مل سکتی ہیں؟ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ جو کام ڈائر یکٹ نہیں کیا جاسکتا وہ ان ڈائریکٹ بھی نہیں ہوسکتا۔