آگ امیگریشن کاوٴنٹر کی سیلنگ میں اچانک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگ،مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی،آگ پر قابو پالیاگیا، آگ کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی
لاہور( نیوز ڈیسک ) علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر آتشزدگی ،حج پروازوں کو روک دیاگیا،آتشزدگی سے امیگریشن سسٹم تباہ ہوگیا،ائیرپورٹ حکام نے امیگریشن ہال خالی کروا لیا،آگ کے بعد امیگریشن کا عمل روک دیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ آگ کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرصبح پانچ کے قریب آگ امیگریشن کاوٴنٹر کی سیلنگ میں اچانک شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگ گئی۔آگ کے باعث مسافروں میں بھگدڑ مچ گئی۔آگ لگنے سے ائیرپورٹ کے لاونج میں دھواں بھر گیا۔ آگ لگنے سے امیگریشن سسٹم جل گیا جبکہ عمارت کو خالی کروا دیا گیا ہے۔ائیرپورٹ کے لاوٴنج میں آگ لگنے کے بعد سول ایوی ایشن کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف رہا جس کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔
امیگریشن سسٹم میں خرابی کی وجہ سے سری لنکن ایئر لائن کی پرواز کا رخ موڑ دیا اور لاہور سے جانے والی حج پرواز کو بھی روک لیا گیا۔آتشزدگی کی اطلاع ملنے کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا، ابتدائی تفتیش کے مطابق آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔حکام کے مطابق آگ سے امیگریشن کا عمل متاثر ہونے کے بعد عازمین حج کی امیگریشن کا عمل ڈومیسٹک کاوٴنٹر سے شروع کردیا گیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ ایئر پورٹ پر لگنے والی آتشزدگی پر قابوپالیاگیا ہے اورحج اور دیگر بین الاقوامی پروازوں کو ڈومیسٹک سائیڈ سے چلایا جا رہا ہے۔عازمینِ حج کیلئے بنائے جانے والے امیگریشن کاوٴنٹر کی سیلنگ میں آگ شارٹ سرکٹ سے لگی تھی۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن بھی جلد بحال کردیا جائے گا۔ آنے والی پروازوں کی منیوئل امیگریشن کی جارہی ہے۔ آتشزدگی سے پہلی حج پرواز سمیت 6 بین الاقوامی پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔ قطر ایئر ویز اور سیال ایئر کی پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔