اگر کوئی سمجھتا ہے طاقت کے اندھے استعمال اور ریاستی وسائل کے بل بوتے پر وہ حقیقت کو جھٹلا سکتا ہے تو یقیناًً بڑی غلط فہمی کا شکار ہے۔ قائد پی ٹی آئی کا قوم کے نام پیغام
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے کہا ہے کہ پورا ریاستی نظام جھوٹ اور فراڈ پر کھڑا ہے، 9 مئی کو جس فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے تحریک انصاف کو کچلنے کی کوشش کی گئی وہ سب پہلے سے طے شدہ تھا، ان کے سارے منصوبے خاک میں مل رہے ہیں اور عوام حقیقت کو اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ رہی ہے یہی وجہ ہے کہ 8 فروری کے عام انتخابات میں عوام نے انہیں بری طرح شکست دی۔
اڈیالہ جیل سے قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف وفاق کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ہے جس کی سیاسی جدوجہد نہایت تابناک ہے، اپنی 28 سالہ سیاسی جدوجہد کے دوران پاکستان تحریک انصاف نے ایک پرامن جماعت کے طور پر ہمیشہ ملک میں آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور ملک میں عدل و انصاف کے فروغ کو اپنی پہچان بنایا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو جس فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے تحریک انصاف کو کچلنے کی کوشش کی گئی وہ سب پہلے سے طے شدہ تھا، 9 مئی 2023 کی حقیقت قوم پر پوری طرح واضح ہے، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ طاقت کے اندھے استعمال اور ریاستی وسائل کے بل بوتے پر وہ حقیقت کو جھٹلا سکتا ہے تو یقیناً بڑی غلط فہمی کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا میں ایک مرتبہ پھر دہراتا ہوں کہ قوم کو بتایا جائے کہ 9 مئی 2023ء کو کس کے حکم پر مجھے اسلام آباد ہائی کورٹ سے نیم فوجی مسلح دستے کے ذریعے اغواء کیا گیا؟، کس کے حکم پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی گئی؟، کس کے حکم پر میرے پرتشدد اغواء کے خلاف پرامن احتجاج کرنے والے نہتے شہریوں پر گولیاں برسائی گئیں؟، کس کے حکم پر مقتولین کے اہل خانہ کو ڈرایا دھمکایا گیا اور اپنے پیاروں کے قتل کے خلاف قانونی کارروائی سے باز رکھنے کے لیے ان پر دباؤ ڈالا گیا؟، کس کے حکم پر کور کمانڈر ہاؤس اور کینٹ کی سکیورٹی ہٹائی گئی؟۔
عمران خان نے کہا ہے کہ 9مئی کے واقعات کو تاریخ کے آئینے میں دیکھتا ہوں تو مجھے 1971ء کے واقعات سے واضح مماثلت دکھائی دیتی ہے، 24 مارچ 1971ء کو اس وقت کا حکمران یحییٰ خان سیاسی فریقین سے مذاکرات کے لیے ڈھاکہ میں موجود تھا مگر مذاکرات کی کامیابی میں ہرگز سنجیدہ نہ تھا، چنانچہ 24 گھنٹوں کے اندر اندر یعنی 25 مارچ کو مشرقی پاکستان میں فل سکیل فوجی آپریشن لانچ کر دیا گیا اسی طرز پر 9 مئی کو ایک فالس فلیگ آپریشن کے تحت پہلے مجھے ہائی کورٹ سے اغواء کیا گیا اور پھر پورے ملک سے ہمارے ہزاروں کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا، یہ سب کچھ پہلے سے طے شدہ تھا۔
قائد پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا ہے کہ پورے کا پورا ریاستی نظام جھوٹ اور فراڈ پر کھڑا ہے، سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا تو دھرنے، احتجاج اور لانگ مارچز کے ذریعے ان کو دھمکایا گیا، جس پر انہوں نے معاملہ جرگے کے سپرد کیا، جرگے میں یہ بات واضح طور پر بیان کی گئی کہ نواز شریف تب تک واپس نہیں آئے گا جب تک قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس نہیں بنتا۔
انہوں نے کہا ہے کہ سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے حکومتی جماعت کے ایک رکن کو فارم 47 کا طعنہ دے کر نا صرف سارے راز کا پردہ چاک کردیا ہے بلکہ ہمارے مؤقف کو بھی درست ثابت کیا ہے، اس سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کے خط اور کمشنر راولپنڈی کے اعترافی بیان نے ساری حقیقت قوم کے سامنے کھول کر رکھ دی، یہ سب کچھ اس لندن پلان کے تحت ہوا جس کے واضح طور پر تین اہداف تھے، نمبر 1 مجھے جیل میں ڈالا جائے، نمبر 2 نواز شریف کے کیسز معاف کیے جائیں، نمبر 3 تحریک انصاف کو کرش کیا جائے۔
عمران خان کا الزام ہے کہ اس پلان پر عملدرآمد میں چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر واضح طور پر بطور سہولت کار دن رات مصروف عمل ہیں، اسی پلان کے تحت میرے خلاف سینکڑوں جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے جب کہ زرداری، نواز اور ان کے بچوں کے کیسز کو معاف کر دیا گیا، ملک میں میڈیا پر اس قدر پابندیاں عائد ہیں کہ کوئی آواز نہیں نکلتی تاہم اس کے باوجود گندم کا سکینڈل باہر آ چکا ہے، اگر میڈیا پر پابندیاں عائد نہ کی جاتیں تو اب تک نہ جانے کتنے ہی سکینڈلز سامنے آجاتے، ہم اپنے کسانوں سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں ریاست پہلے ہی کسانوں کو کچھ نہیں دیتی اب ان سے ان کی محنت کا صلہ بھی چھینا جارہا ہے۔