پولیس نے خواجہ سراؤں کو رات بھر بلاوجہ حراست میں رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا، ان سے پیسے چھینے گئے، آئس کا نشہ کر کے جنسی زیادتی کی گئی۔ خواجہ سراؤں کے الزامات
گجرات ( نیوز ڈیسک ) صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں پولیس اہلکار پر نازیبا حرکات کے الزام میں خواجہ سراؤں نے تھانے پر دھاوا بول دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گجرات میں خواجہ سرا پر پولیس کے تشدد اور نازیبا حرکات کے خلاف خواجہ سراؤں نے تھانہ صدر کھاریاں پر پتھراؤ کیا، اس دوران خواجہ سرا زبردستی تھانے میں گھس آئے، فرنیچر باہر نکال دیا اور پھر جی ٹی روڈ کھاریاں بلاک کرکے احتجاجی دھرنا دے دیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ شب پولیس نے خواجہ سراؤں کو رات بھر بلاوجہ حراست میں رکھا اور تشدد کا نشانہ بنایا، ان سے پیسے چھینے گئے، آئس کا نشہ کر کے جنسی زیادتی کی گئی، ایف آئی آر درج کرانے گئے لیکن درج نہیں کی گئی، احتجاج کرنے پر الٹا تشدد کیا،۔ اس معاملے پر پولیس کا کہنا ہے کہ خواجہ سرا پر تشدد کی تفتیش کریں گے اور جرم ثابت ہونے پر اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہوگی۔