گلیات کے کئی علاقوں میں ہلکی برفباری، بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور دیگر پہاڑوں پر بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری، آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں بھی غیر متوقع برفباری نے موسم سرد کر دیا
گلیات ( نیوز ڈیسک ) گرمیوں میں سردی والا موسم، کئی سیاحتی مقامات پر برفباری سے سردی لوٹ آئی، گلیات کے کئی علاقوں میں ہلکی برفباری، بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور دیگر پہاڑوں پر بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری، آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں بھی غیر متوقع برفباری نے موسم سرد کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق گلیات میں ہلکی برفباری کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا۔
گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے مطابق سوموار کے روز گلیات کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت گرنے کے باعث ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی جس کے بعد موسم مزید سرد ہوگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کا عملہ اور مشینری سڑکوں کی صفائی اور سیاحوں کو بروقت سہولیات فراہم کرنے کے لیے موجود ہے۔
گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں بھی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری سے لوگوں شدید مشکلات کا سامنا ہے ، گزشتہ رات سے ضلع استور کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ مسلسل جاری ہے تیز بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے شاہراہِ قراقرم اور شاہراہِ استور مختلف مقامات پر بلاک ہو گئی ہے جبکہ ضلع کے بالائی علاقے قمری،منی مرگ،دیوسائی،چلم،اور میر ملک میں تقریباً تین سے چار اینچ تک تازہ برف پڑھ چکی۔
پیر کے روز بابوسر ٹاپ، نانگا پربت اور دیگر پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری ہو تی رہی ، آزاد کشمیر میں بھی جاگراں ویلی، لوات بالا، شاردہ، تاؤبٹ اور ہلمت میں 6 سے 8 انچ تک برفباری ہوئی۔ دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور بعض مقا مات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ بالائی خیبر پختونخوا ، بالائی پنجاب، اسلام آباد ،گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقامات پر آندھی/جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور بعض مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔