پنجاب حکومت کے بلند و بانگ دعووں کی حقیقت بھی سامنے آ چکی، باردانہ ایپ غیر فعال ہونے کا انکشاف، گندم کی خریداری بھی تاحال شروع نہ ہو سکی
لاہور ( نیوز ڈیسک ) اگلے 5 دنوں میں طوفانی بارشوں کے باعث کسانوں کا بے تحاشہ نقصان ہونے کا خدشہ، پنجاب حکومت کے بلند و بانگ دعووں کی حقیقت بھی سامنے آ چکی، باردانہ ایپ غیر فعال ہونے کا انکشاف، گندم کی خریداری بھی تاحال شروع نہ ہو سکی۔ تفصیلات کے مطابق باردانہ کی عدام فراہمی کے باعث لاہور سمیت پنجاب میں گندم کی خریداری شروع نہ ہو سکی، باردانہ ایپ کا سٹیٹس بھی ان ایکٹو ہے جبکہ حکومت پنجاب اور محکمہ خوراک نے چپ سادھ رکھی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ باردانہ ایپ پر باردانہ کیلئے یکم اپریل سے 17 اپریل تک درخواستیں وصول کی گئی تھیں، ایپ پر 3 لاکھ 94 ہزار 239 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 2 لاکھ 75 ہزار مسترد اور ایک لاکھ 19 ہزار 237 درخواستیں منظور کی گئیں۔
ترجمان محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ درخواستیں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی اور پی آئی ٹی بی نے مسترد کیں۔ دوسری جانب اگلے 5 روز میں طوفانی بارشوں کے امکان نے کسانوں کو مزید پریشان کر دیا ہے۔