راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق اور حکومتِ پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے زیرو ٹارلینس پالیسی کے تحت امتحانی مرکز گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بشارت چکوال میں بوٹی مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ امتحانی مرکز گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بشارت میں بیرونی مداخلت اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بوٹی مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے متعلقہ آر آئی اعجاز احمد اور کامران عابد ایس ایس ٹی گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول بشارت کے خلاف فوری ایف آئی آر کا اندراج اور موقع پر گرفتار کروادیا۔
سپرنٹنڈنٹ محمد وقاص امتحانی مرکز کو نااہلی پر فوری طور پر تبدیل کر دیا۔
پولیس نے شک کی بنا پر سپرنٹنڈنٹ مرکز کو بھی حراست میں لے لیا۔ ڈپٹی کمشنر چکوال میڈم قراۃ العین نے واقعہ کا فوری طورپر نوٹس لیتے ہوئے تینوں کو معطل کرکے محکمانہ کارروائی کا حکم دے دیا۔ مزید برآں چیئرمین تعلیمی بورڈ نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج چوآسیدن شاہ چکوال، گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول کلرکہار،فوجی فاؤنڈیشن ماڈل ہائر سیکنڈری سکول کلر کہارسینٹر(اے، بی)،عسکری کیڈٹ کالج کلرکہار کا دورہ کیا۔
دورے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تعلیمی بورڈ نے کہا کہ بوٹی مافیا کو ہرگز سر اٹھانے نہیں دیں گے اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔کنٹرولر امتحانات پروفیسر ساجد محمود فاروقی نے گورنمنٹ ہائی سکول نمبر1 فتح جنگ، گورنمنٹ بوائز ہائی سکول نمبر2فتح جنگ، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1فتح جنگ، گورنمنٹ کالج فار وویمن فتح جنگ،گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول (لیبارٹری، مارکنگ سینٹر) گورنمنٹ گرلز کالج اٹک(امتحانی سینٹر)، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر.1(لیبارٹری، امتحانی سینٹر)،گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری سکول اٹک (مارکنگ سینٹر) کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے شاملِ امتحان اُمیدواران کا بیٹھنے کا پلان، امتحانی عملے کی حاضری اور روشنی کے انتظامات کو چیک کیا۔ دورے کے بعد کنٹرولر امتحانات نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مارکنگ میں شفافیت اور میرٹ کو مدِ نظر رکھا جائے گا۔ اس سلسلہ میں تمام ایگزامینر کو ہدایت جاری کردی ہیں تاکہ محنتی طلباکوان کا حق مل سکے۔