ہلاک دہشت گرد سلیم ربانی دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں، بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہا۔ آئی ایس پی آر
راولپنڈی ( نیوز ڈیسک ) صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع بونیر میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 2 زخمی جب کہ 2 جوان شہید ہوگئے۔ پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق 13 اپریل 2024ء کو سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع بونیر میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گرد سرغنہ سلیم ربانی کو ہلاک کر دیا گیا جب کہ دو دیگر دہشت گرد زخمی ہو گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ دہشت گرد سلیم ربانی سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہا، وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر پر 50 لاکھ روپے کی رقم مقرر کی تھی۔
ترجمان پاکستان آرمی کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران وطن کے دو بہادر بیٹے لانس حوالدار مدثر محمود (عمر 36 سال؛ ساکن ضلع راولپنڈی) اور لانس نائیک حسیب جاوید (عمر 27 سال؛ ساکن ضلع پونچھ، آزاد جموں و کشمیر) نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔