عید کے بعد 12 اپریل کو پشین میں پہلا جلسہ ہوگا، ہم سب نے جمہوریت کے لیے مل کر کام کرنے کا تہیہ کیا ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی راؤف حسن کی نیوزکانفرنس
لاہور ( نیوز ڈیسک ) ترجمان پاکستان تحریک انصاف راؤف حسن نے کہا ہے کہ گرینڈ الائنس پلیٹ فارم پر جمہوریت کی حامی طاقتیں اکٹھی ہوگئی ہیں، عید کے بعد 12 اپریل کو پشین میں پہلا جلسہ ہوگا، ہم سب نے جمہوریت کے لیے مل کر کام کرنے کا تہیہ کیا ہے۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل ہم نے ایک گرینڈ الائنس تشکیل دیا ہے جس میں 6 پارٹیاں شامل ہیں جن کے سربراہان نے مل کر جمہوریت کے لیے کام کرنے کا تہیہ کیا ہے اس پلیٹ فارم سے ہماری باقاعدہ سرگرمیوں کا آغاز عید کے بعد پشین بلوچستان میں 12اپریل کو پہلا جلسہ ہوگا، اس سے پہلے میٹنگ ہوگی، ایسی تمام طاقتیں جو جمہوریت کی حامی ہیں، وہ سیاسی اخلاقیات پر یقین کرتی ہیں ، وہ سب ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید نے کہا کہ بار بار کہنے کے باوجود بشری بی بی کا میڈیکل چیک اپ نہیں کروایا جا رہا کیا وجہ ہے بار بار درخواست دینے کے باوجود بشری بی بی کو اڈیالہ جیل منتقل نہیں کیا جارہا بشریٰ بی بی کو جیل میں صرف خان صاحب کو اذیت دینے کے لیے رکھا ہوا توشہ خانہ یا القادر کسی کیس میں بھی شریٰ بی بی کی سزا نہیں بنتی ہم مطالبہ کررہے کہ ان کا میڈیکل چیک اپ کروایا جائے ورنہ ہم بھرپوراحتجاج کریں گے خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
کنول شوذب نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو سلو پوائزنگ دینے کی وجہ بانی چیئرمین عمران خان کو توڑنا ہے بشری بی بی پر جس طرح کے مقدمے بنا کر قید کیا گیا اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی جب عمران خان قید سے نہ گھبرائے نہ اس کے پلیٹ لیس گرے نہ کمر درد ہوا تو پھر اس کی بیوی کو قید کرکے ان کو توڑنے کی کوشش کی جارہی۔